امریکا اور اسرائیل کا اگلا ہدف عرب ممالک ہوں گے: فاروق عبداللہ
19
M.U.H
23/06/2025
نیشنل کانفرنس (نیکا) کے صدر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز عرب ممالک کو خبردار کیا کہ اسرائیل اور امریکہ کا اگلا نشانہ وہی ممالک ہوں گے کیونکہ ان کے تیل اور گیس پر ان دونوں ممالک کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان (امریکہ) کی پرانی پالیسی رہی ہے کہ ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیا جائے۔ یہاں تک کہ خطے کے سنی ممالک بھی اس کے خلاف ہیں، لیکن ان میں بولنے کی ہمت نہیں ہے۔
عبداللہ نے پارٹی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ سوچتے ہیں کہ ایران پر حملہ ہوا ہے، لیکن میں آپ کے ذریعے انہیں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ ایک دن اسرائیل ان پر بھی حملہ کرے گا، کیونکہ وہ ان کی دولت یعنی تیل اور گیس پر قبضہ چاہتے ہیں۔ اسرائیل صرف ایک نقاب ہے، اس کے پیچھے اصل میں امریکہ کھڑا ہے۔
جب ان سے مغربی ایشیا میں جنگ کے شدت اختیار کرنے کے اثرات کے بارے میں پوچھا گیا، تو جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سے تمام ممالک کی معیشت پر شدید اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ (دیگر) عالمی طاقتیں اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر یہ جنگ بڑھتی ہے، تو ہر ملک کی اقتصادی حالت تباہی کی طرف جائے گی۔ انہیں اسے روکنے کی کوشش کرنی چاہیے، اور میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں، کیونکہ ہندوستان میں بھی ہماری حالت بہت خراب ہے۔
جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کی مبینہ شرائط کے بارے میں میڈیا کے ایک طبقے میں سامنے آئی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے عبداللہ نے الزام لگایا کہ میڈیا جھوٹ پھیلا رہا ہے۔