قطر میں امریکی ائیر بیس کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، سپاہ پاسداران انقلاب کا بیان جاری
24
M.U.H
23/06/2025
سپاہ پاسداران انقلاب نے قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل حملوں کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر امریکہ کے فوجی حملے اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے بعد قومی سلامتی کونسل کی تدبیر اور خاتم الانبیاء (ص) ہیڈکوارٹر کی زیرنگرانی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے "یا اباعبداللہ الحسین (ع)" کے مقدس رمز کے ساتھ "بشارتِ فتح" نامی فوجی کارروائی میں قطر میں واقع امریکی فضائیہ کے کمانڈ سینٹر، "العدید"، پر طاقتور اور تباہ کن میزائل حملہ کیا ہے۔ یہ فوجی اڈہ مغربی ایشیا میں امریکی فوج کا سب سے بڑا اسٹریٹجک اثاثہ اور مرکزی فضائی ہیڈکوارٹر ہے۔
سپاہ پاسداران کے بیان کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:
اے باوقار اور باطل کے خلاف کمربستہ ایران!
مجرم امریکی حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوری ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر واضح اور مجرمانہ فوجی جارحیت، اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کی تدبیر اور مرکزی خاتم الانبیاء (ص) ہائی کمان کی رہنمائی کے تحت، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مقدس نعرہ "یا اباعبداللہ الحسین (ع)" کے ساتھ "بشارت فتح" نامی فوجی آپریشن میں قطر کے العدید فوجی اڈے کو طاقتور اور تباہ کن میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ فوجی اڈہ مغربی ایشیا میں امریکی فضائیہ کا مرکز اور امریکی فوج کا سب سے بڑا مرکز ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا وائٹ ہاؤس اور اس کے اتحادیوں کے لیے ایک واضح اور غیر مبہم پیغام ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، خداوند متعال پر بھروسا اور اپنے مؤمن، باعزت عوام پر اعتماد کرتے ہوئے، اپنی سرزمینی سالمیت، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی بھی حملے یا جارحیت کو کسی صورت بھی جواب دیئے بغیر نہیں چھوڑے گا۔
دشمن امریکہ کی یہ جارحیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور یہ ثابت کرتا ہے کہ صہیونی ریاست کی حرکتیں دراصل امریکی منصوبہ بندی کا تسلسل ہیں۔ خلیج فارس اور مغربی ایشیا میں امریکی افواج کے متحرک اڈے، جو پہلے طاقت کی علامت سمجھے جاتے تھے، اب اس کی کمزوری بن چکے ہیں۔
ماہِ محرم، جو کہ شہادت، قربانی اور مزاحمت کا مہینہ ہے، کی آمد پر ہم دشمنانِ اسلام کو خبردار کرتے ہیں کہ اب "مارو اور بھاگ جاؤ" کا زمانہ ختم ہو چکا ہے۔ ایران کی بہادر مسلح افواج کے مضبوط ارادے کے سامنے، کسی بھی نئی سازش یا جارحیت کا نتیجہ امریکی افواج کے تیزی سے زوال، مغربی ایشیا سے ان کے ذلت آمیز انخلاء اور دنیا بھر کے آزادی پسند اقوام اور ملتِ اسلامیہ کے اس مشترکہ خواب کی تعبیر کی صورت میں سامنے آئے گا جو کہ صہیونی حکومت کا خاتمہ ہے۔