جنگ بندی سے پہلے ایران کا اسرائیل پر میزائل حملہ، تل ابیب زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا
20
M.U.H
24/06/2025
جنگ بندی کا آغاز ہونے سے پہلے ایران کی جانب سے اسرائیل پر شدید میزائل حملوں میں تل ابیب سمیت کئی شہروں میں زور دار دھماکے ہوئے ہیں۔
ایران کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر میزائلوں کا شدید حملہ کیا گیا ہے جو کامیابی سے اپنے پہلے سے طے شدہ اہداف پر جالگے۔
تفصیلات کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے صہیونی حکومت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ جارحیت کے جواب میں مقبوضہ علاقوں کی جانب میزائل داغے، جو دشمن کے دفاعی حصار کو عبور کر کے اپنے اہداف پر کامیابی سے جا گرے۔
دوسری جانب قابض صہیونی افواج نے دعوی کیا ہے کہ ایران کی طرف سے آج میزائل حملے کی چھٹی لہر بھی شروع کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایران نے جنگ بندی کے آغاز سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل کئی مرحلوں پ مشتمل حملے میں 20 میزائل داغے۔
مقبوضہ علاقوں کا روزمرہ منظر، الجلیل، نہاریا اور بئر السبع میں میزائل گرنے کی اطلاعات
صہیونی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں بئر السبع میں سینکڑوں میٹر کے دائرے میں تباہی پھیل چکی ہے، جہاں کئی عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں۔
عبرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے ان حملوں میں ایسے وزنی بیلسٹک میزائل استعمال کیے ہیں جو اس سے پہلے کبھی استعمال نہیں کیے گئے تھے۔ یہ ایک نیا اور سنگین حملہ تھا۔
اسی دوران، صہیونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ میزائل حملے کی پانچویں لہر کے دوران حیفا اور شمالی علاقوں میں سائرن بجائے گئے ہیں، اور پورا شمالی اسرائیل ممکنہ میزائل حملوں کی زد میں ہے۔
تل ابیب اور نقب میں زوردار دھماکے؛ بئر السبع میں جانی نقصان کی اطلاع
عبرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں بئر السبع کی ایک عمارت پر میزائل گرنے سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسی دوران تل ابیب اور جنوبی علاقے النقب میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی جہاز ایک گھنٹہ فضاء میں معلق
صہیونی چینل 12 نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے تقریباً ایک گھنٹے سے فضاء میں چکر لگا رہے ہیں لیکن انہیں لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ یہ صورتحال خطے میں کشیدگی اور حفاظتی اقدامات کے عروج کی علامت ہے۔