ایران کےخلاف امریکی حملہ "ریڈ لائن" سے عبور ہے: سربراہ روس ایٹم
19
M.U.H
24/06/2025
روسی جوہری توانائی کی کمپنی روس اٹیم (Rosatom) کے سربراہ الیکسی لیکاچیف (Alexey Evgenievich Likhachev) نے اعلان کیا ہے کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کی صورتحال کسی صورت خراب نہیں اور فی الوقت بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ سے روسی ملازمین کو نکالنے کی کوئی ضرورت بھی نہیں ہے۔ الیکسی لیکاچیف نے تاکید کی کہ روس ایٹم بوشہر ایٹمی بجلی گھر کی صورتحال پر دن میں دو بار اجلاس منعقد کرتا ہے اور میرے خیال میں ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد دنیا کے "ایٹمی گھرانے" میں موجود اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی جوہری تنصیبات پر کام کرنے والی روسی کمپنی کے سربراہ نے اعلان کیا کہ امریکہ نے ایک "انتہائی خطرناک" سرخ لکیر عبور کی ہے اور اب "تباہ کن فیصلوں" کے لئے صرف چند قدم ہی باقی بچے ہیں۔ روسی اہلکار نے مزید کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے حوالے سے صورتحال پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے بورڈ آف گورنرز میں کوئی اتفاق رائے موجود نہیں اور میرے خیال میں عالمی رہنماؤں کی اکثریت ایرانی جوہری تنصیبات کے حوالے سے پیدا کردہ خطرناک صورتحال کے خلاف ہے!