اربعین حسینی کے موقع پر کروڑوں زائرین کربلائے معلی پہنچ گئے
10
M.U.H
14/08/2025
تفصیلات کے مطابق سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر عراق میں جاری اربعین میلین مارچ آج اپنے عروج کو پہنچ گیا اور دسیوں لاکھ زائرین اس وقت کربلائے معلیٰ میں مولا حسین اور آپ کے باوفا بھائی علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس کے در پر حاضری دے رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کربلا شہر ملکی و غیر ملکی زائرین کی غیر معمولی اور ہوشربا تعداد سے چھلک اٹھا ہے۔ ایک طرف جہاں نجف سے لے کر کربلا تک عزاداری، سوگواری کا سماں ہیں اور دسیوں لاکھ سیاہ پوش زائرین امام ہمام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب لاکھوں عراقی و غیر عراقی خادمین زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
اِدھر ایران میں بھی آج اربعین ہے اور اس موقع پر پورے میں عزاداری اور سوگواری کا ماحول ہے۔ سبھی مقدس مقامات بالخصوص مشہد میں روضہ امام رضا علیہ السلام، قم میں روضۃ حضرت معصومہ علیہا سلام، شیراز میں روضہ حضرت شاہچراغ علیہ السلام اور تہران میں روضہ حضرت عبد العظیم حسنی زوار اور سوگواروں سے لبریز ہیں۔ آج اربعین کا سورج نمودار ہوتے ہی ماتمی دستوں نے مقامات مقدسہ کا رخ کیا ہے۔ دارالحکومت تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اربعین مارچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں چہلم کے موقع پر کربلا نہ پہنچ پانے والے شمع حسینی کے پروانے شریک ہو کر اپنے دلوں کی تسکین کا سامان فراہم کر رہے ہیں۔