صہیونی جارحیت میں وزیراعظم کی شہادت، حزب اللہ کے سربراہ کا اظہار تعزیت
45
M.U.H
01/09/2025
حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے صہیونی حکومت کے حملے میں یمن کے وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے یمن کے رہنما سید عبدالملک الحوثی کے نام تعزیتی پیغام میں یمنی وزیرِاعظم احمد الرہوی اور متعدد وزراء کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
المنار ٹی وی کے مطابق، شیخ نعیم قاسم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یمنی وزیرِاعظم اور ان کے ساتھی اس وقت شہید ہوئے جب وہ عوام کی خدمت اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے جہادی اور دینی فریضہ انجام دے رہے تھے۔ یہ دشمن کی سفاکیت اور دیوالیہ پن کی علامت ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت چونکہ میدان جنگ میں براہ راست مقاومت کا مقابلہ کرنے سے عاجز ہے، اس لیے اس نے عوامی خدمت میں مصروف رہنماؤں کو نشانہ بنا کر بدترین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ یہ خونیں جرم یمنی عوام کے عزم اور استقامت کو مزید بڑھائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن مقاومت اور فلسطین کی حمایت کا عالمی پرچم بلند رکھے گا۔ صہیونی حکومت کو بالآخر رسوائی اور ذلت آمیز انجام کا سامنا ہوگا۔ فلسطین اور بیت المقدس کی ازادی یقینی ہے جس میں یمنی عوام کا کردار کلیدی ہوگا۔