اپنے منصوبے كوڑے دان میں پھینک دو، حماس کا اسرائیل کو طنز
25
M.U.H
02/09/2025
حال ہی میں واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اس وقت امریکی حکومت 37 صفحات پر مشتمل اپنے منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے جس کی رو سے غزہ میں بسنے والے فلسطینیوں کو رضاکارانہ طور پر دوسرے علاقوں میں منتقل کیا جائے گا۔ جس پر فلسطین كی مقاومتی تحریک "حماس" كے پولیٹیكل بیورو "باسم نعیم" نے شدید ردعمل دیا۔ انہوں نے ایک فلسطینی کہاوت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے منصوبے کوڑے دان میں پھینک دو۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ بیچنے کے لئے نہیں۔ غزہ نقشے پر کوئی نقطہ یا قابل فراموش جغرافیہ نہیں۔ بلکہ عظیم فلسطینی سرزمین کا کبھی جدا نہ ہونے والا حصہ ہے۔ باسم نعیم نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ امریکی منصوبہ حماس اور فلسطینی عوام کی جانب سے شدت کے ساتھ مسترد کیا جائے گا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی منصوبے کے تھت غزہ، دس سال کے لئے واشنگٹن کے کنٹرول میں رہے گا تاکہ اس علاقے کو ایک سیاحتی و جدید ٹیکنالوجی کے حامل شہر میں تبدیل کیا جا سکے۔ مذکورہ اخبار کے مطابق، یہ منصوبہ "ڈونلڈ ٹرامپ" کے بیان کردہ وژن پر مبنی ہے، جو اس سے قبل غزہ کو "مشرق وسطیٰ کے رویرا" میں تبدیل کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ حماس کے ایک اور اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم ان تمام منصوبوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں جو ہمارے لوگوں کو بے گھر اور صیہونی قبضے کو مستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ منصوبے بے سود اور غیر منصفانہ ہیں۔