کے سی آر کی بیٹی کویتا کے خلاف بی آر ایس کی بڑی کارراوئی، پارٹی مخالف بیان کے سبب پارٹی سے معطل
19
M.U.H
02/09/2025
بھارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس) نے ایم ایل سی کے. کویتا کو منگل (2 نومبر) کے روز پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔ انہیں پارٹی کے خلاف بیان بازی کے وجہ سے معطل کیا گیا ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ان کی معطلی کا فیصلہ خود ان کے والد اور تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے لیا ہے۔ بی آر ایس نے اس معاملے پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’کے. کویتا کی سرگرمیاں پارٹی مخالف رہی ہیں، اسی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔‘‘
واضح ہو کہ کویتا نے 2023 میں بی آر ایس کی شکست کے بعد پارٹی کے داخلی معاملوں پر کھل کر تنقید کی، جسے چندرشیکھر راؤ اور بقیہ لیڈران نے بے ضابطگی کے مترادف تصور کیا تھا۔ کویتا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد کی بھی مخالفت کی تھی۔ ساتھ ہی وہ کئی مواقع پر پارٹی کے خلاف کھلے عام بیانات دے چکی ہیں۔ ان ہی سب وجوہات کے سبب انہیں پارٹی سے معطل کیا گیا ہے۔
کویتا نے اپنی معطلی سے ایک دن قبل ہی بی آر ایس میں ہلچل مچا دی تھی۔ انہوں نے پارٹی کے اتحادیوں پر کے سی آر کی شبیہ کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ کویتا نے پارٹی کے سینئر لیڈر ٹی ہریش راؤ اور سابق رکن پارلیمنٹ میگھا کرشن ریڈی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے والد کو بدعنوانی کے معاملہ میں بلی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کویتا نے خود ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا تھا، لیکن وہ ایسا کرتیں اس سے قبل پارٹی نے ہی انھیں معطل کر دیا۔
بی آر ایس نے کے. کویتا کی معطلی کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ دی۔ اس پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’پارٹی ایم ایل سی کے. کویتا کی حالیہ سرگرمیاں اور پارٹی مخالف کام بی آر ایس کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس معاملے کو پارٹی قیادت نے کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ پارٹی کے صدر کے. چندرشیکھر راؤ نے کے. کویتا کو فوری طور پر پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔