سعودی عرب اور پاکستان میں اہم دفاعی معاہدہ، اب ایک پر حملہ دونوں ملکوں پر مانا جائے گا حملہ
14
M.U.H
18/09/2025
سعودی عرب اور پاکستان نے بدھ کو ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں میں سے کسی ایک ملک پر حملے کو دونوں ملک پر حملہ مانا جائے گا۔ دونوں ملکوں نے اپنا تحفظ بڑھانے کے لیے یہ معاہدہ کیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق ’اسٹریٹیجک باہمی دفاع‘ پر وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ ریاض کے دوران دستخط کیے گئے۔ یہاں الیمامہ پیلس میں کراؤن پرنس اور وزیر اعظم محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔
’ڈان‘ اخبار کے مطابق وزیر اعظم دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ معاہدہ پر دستخط کا اعلان کیا گیا، جس میں ہے کہ دونوں میں سے کسی ایک ملک کے خلاف کسی بھی طرح کا حملہ دونوں ملکوں پر حملہ تسلیم کیا جائے گا۔
دستخط تقریب کے بعد جاری ایک مشترکہ بیانیہ کے مطابق تقریباً 8 دہائیوں سے چلی آ رہی ساجھیداری کو آگے بڑھاتے ہوئے اور بھائی چارے، اسلامی اتحاد اور ساجھا اسٹریٹیجک مفادات کے بانڈز پر مبنی دونوں فریقوں نے اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سے پہلے سعودی راجدھانی پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال ریاض کے ڈپٹی گورنر محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک دن پہلے بیان دیا تھا کہ وزیر اعظم ولیعہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر مالیات محمد اورنگ زیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ طرار، وزیر ماحولیات مصدق مالک اور خصوصی معاون طارق فاطمی بھی گئے ہیں۔