مجمع علماء وواعظین پوروانچل کی مولانا کلب جواد نقوی پر حملے کی مذمت
9
M.U.H
15/10/2025
مجمع علماء وواعظین پوروانچل ہندوستان نے مولانا کلب جواد نقوی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علمائے کرام کا احترام کرنا قوم کے ہر فرد قوم پر لازم و ضروری ہے۔
مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے ترجمان مولانا ابن حسن املوی واعظ نے اپنے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ جان کر بے حد افسوس ہوا کہ مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ شاہی آصفی مسجد لکھنؤ پر کچھ شرپسند عناصر نے جان لیوا حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ علماء کا مقام و مرتبہ اسلام کی نظر میں نہایت محترم و مقدس ہے؛ کہا جاتا ہے کہ لوگوں میں علماء کی مثال ایسی ہے جیسے آسمان میں ستارے ہوتے ہیں کہ جن کے ذریعے سے راستہ معلوم کیا جاتا ہے، یعنی علماء لوگوں کے راہنما ہوتے ہیں، لہٰذا علمائے کرام کا احترام کرنا قوم کے ہرفرد پر لازم و ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ واضح رہے کہ نظریاتی اختلافات علماء اور عوام سب میں پائے جاتے ہیں؛ اس میں کوئی قباحت نہیں ہے، مگر حد سے زیادہ تجاوز کرنا، نزاع اور جھگڑے فساد کی شکل اختیار کرنا قطعاً جائز نہیں ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد الٰہی ہے: اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور آپس میں جھگڑا نہ کرو ورنہ تم ہمت ہار دوگے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔۔۔‘‘(سورۂ انفال آیت ۴۶)۔
بنابریں ہم مجمع علماء وواعظین پوروانچل کی جانب سے مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ شاہی آصفی مسجد لکھنؤ پر کچھ شرپسند عناصر کے ذریعے کئے گئے حالیہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور تمام علماء و خطباء و واعظین و ذاکرین سے مودبانہ التماس کرتے ہیں کہ آپسی اختلافات کو نزاعی شکل اختیار کرنے سے روکیں اور باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ فرمائیں۔