جنگ بندی کے باوجود صیہونی حکومت کے جرائم جاری ہیں؛ ہوشیار رہا جائے!: ترجمان وزارت خارجہ
42
M.U.H
15/10/2025
تہران: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود صیہونی حکومت کے جرائم کا جاری رہنا تشویشناک ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ پٹی میں جارحیت کا سلسلہ روکا نہیں ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جانب غاصب اسرائیلی آبادکاروں نے غرب اردن میں زیتون کے باغات کو نقصان پہنچایا، فلسطینیوں کے رہائشی عمارتوں میں آگ لگائی اور مسجد الاقصی کے تقدس کو پامال کیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے غاصب صیہونیوں کے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے جنگ بندی کی ضمانت کرنے والوں اور صیہونی حکومت کو جوابدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسماعیل بقائی نے بدعہدی اور معاہدوں کی خلاف ورزی پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کی عادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مجرمانہ اقدامات اور جنگ بندی کی ضمانت کرنے والوں کی بے عملی کا خمیازہ ہمیشہ فلسطینی عوام کو ہی بھگتنا پڑا ہے۔