تنظیم المکاتب کے سیکریٹری کی مولانا سید کلبِ جواد نقوی پر حملے کی شدید مذمت
9
M.U.H
15/10/2025
تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے لکھنؤ میں مولانا سید کلبِ جواد نقوی پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے وقف دشمن عناصر اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کی منظم سازش قرار دیا ہے۔
مولانا صفی حیدر نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مولانا سید کلبِ جواد نقوی کئی دہائیوں سے وقف بچاؤ تحریک، اتحاد بین المسلمین اور یومِ قدس جیسے انقلابی و بیدارگر پروگراموں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کی کوششوں سے نہ صرف متعدد اوقاف کی جائیدادیں بازیاب ہوئیں بلکہ انہوں نے قوم کے اندر بیداری اور مزاحمت کی روح بھی زندہ رکھی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کچھ شرپسند عناصر اور سوشل میڈیا کے غیر سنجیدہ افراد وقتاً فوقتاً قائد بدلنے کی باتیں کرتے رہتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ مولانا کلبِ جواد کسی انتخابی عمل سے نہیں بلکہ اپنی شجاعت، بصیرت اور بےباکی کی بنیاد پر عوام کے دلوں کے قائد بنے ہیں۔"
تنظیم المکاتب کے سکریٹری نے 13 اکتوبر 2025ء کے اس واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کلبِ جواد نقوی وقف جائیداد کی زمین کے معائنہ کے بعد جب واپس لوٹ رہے تھے تو وقف مافیا کے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر حملہ کر دیا، گالم گلوچ کی اور اشتعال انگیز نعرے لگا کر فرقہ وارانہ فضا پیدا کرنے کی کوشش کی۔
مولانا سید صفی حیدر نے یوپی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث تمام مافیاؤں، شرپسندوں اور منصوبہ سازوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرے تاکہ قوم کے معزز عالم دین کو انصاف مل سکے۔
انہوں نے تمام علمائے کرام، خطباء، مذہبی و سماجی تنظیموں اور بیدار مغز قوم سے اپیل کی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس واقعے پر پُرامن مگر مؤثر احتجاج درج کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ "یہ صرف مولانا کلبِ جواد کا معاملہ نہیں، بلکہ پوری قوم کی عزت، تشخص اور شناخت کا سوال ہے۔ اگر آج ایک بڑی دینی شخصیت کے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے تو کل کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔"
مولانا صفی حیدر نے آخر میں تاکید کی کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم اپنی وحدت، بیداری اور غیرت کا ثبوت دے اور بزرگوں کے اصول پر عمل کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے۔