شرم الشیخ معاہدہ مسئلہ فلسطین کا حل نہیں:رجب طیب اردوغان
40
M.U.H
15/10/2025
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے تاکید کی ہے کہ امریکہ کو اس مرحلے کے دوران اسرائیلی کابینہ پر اپنا دباؤ جاری رکھنا چاہیئے تاکہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد مکمل ہو سکے۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق ترک صدر کا کہنا تھا کہ غزہ کے حوالے سے مصر میں طے پانے والا معاہدہ، مسئلہ فلسطین کا حل نہیں بلکہ یہ جنگ بندی کا ایک معاہدہ ہے۔ رجب طیب اردوغان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو اور اس کی صورتحال کی بہتری بہت ضروری ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم نے ان ممالک کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے جو ترکی کے ساتھ مل کر غزہ کی تعمیر نو میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ترک صدر نے غزہ میں جنگ بندی کی پائیداری اور اس کی عدم خلاف ورزی پر زور دیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ترکی، امریکہ اور دیگر ممالک غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ رجب طیب اردوغان نے مزید کہا کہ ہمیں غزہ کے ساتھ کھڑے رہنا اور نسل کشی کے جرائم کے ذمہ داروں کو جوابدہ بنانا چاہیئے۔