مودی کی بحریہ کے جوانوں کے ساتھ دیوالی۔ آپریشن سندور کی کامیابی مسلح افواج کے نام
15
M.U.H
20/10/2025
وزیر اعظم نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت دراصل "آتم نربھر ہندوستان " یعنی خود انحصار ہندوستان کی شاندار علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک جنگی جہاز نہیں بلکہ اکیسویں صدی کے ہندوستان کی محنت، صلاحیت، اثر اور عزم کی زندہ مثال ہے۔ وکرانت محض ایک جہاز نہیں بلکہ ہندوستان کی بحری طاقت کا آئینہ ہے۔دیوالی کے موقع پر بحریہ کے جوانوں کے درمیان تہوار مناتے ہوئے مودی نے کہا، "آج کا دن واقعی یادگار ہے۔ ایک جانب میرے سامنے سمندر کی وسعت ہے اور دوسری جانب ہندوستان ماتا کے بہادر سپاہی۔ میں خوش قسمت ہوں کہ اس بار دیوالی کا مقدس تہوار آپ سب کے درمیان منانے کا موقع ملا۔-
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف لامحدود آسمان اور سمندر کی گہرائیاں ہیں، تو دوسری طرف یہ عظیم وکرانت، جو لامحدود طاقت کی علامت ہے۔ سمندر پر سورج کی کرنیں ایسے جھلک رہی ہیں جیسے بہادر سپاہیوں کے جلائے ہوئے دیے۔وزیر اعظم مودی نے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی دیوالی فوجیوں کے درمیان منائی۔ انہوں نے گوا اور کاروار کے ساحل کے قریب آئی این ایس وکرانت کا دورہ کیا اور وہاں بحریہ کے جوانوں سے گفتگو کی۔آئی این ایس وکرانت 262 میٹر طویل ہے، جس کا وزن تقریباً 45,000 ٹن ہے۔ یہ اپنے سابقہ ماڈل سے کہیں زیادہ جدید اور طاقتور ہے۔ اسے چار گیس ٹربائنز سے چلایا جاتا ہے جن کی مجموعی طاقت 88 میگا واٹ ہے اور یہ 28 ناٹ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے۔ تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ تین مرحلوں میں مکمل ہوا۔
اس جہاز کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی تھی، لانچ 2013 میں ہوا، اور 76 فیصد کام مقامی سطح پر انجام دیا گیا۔ یہ منصوبہ ’آتم نربھر ہندوستان ‘ اور ’میک ان انڈیا‘ کی حقیقی مثال ہے۔ وکرانت کی تیاری کے ساتھ ہی ہندوستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو خود اپنا طیارہ بردار جہاز بنا سکتے ہیں۔یہ جہاز جدید ترین خودکار نظاموں سے لیس ہے اور اس پر مختلف اقسام کے طیارے اور ہیلی کاپٹر اڑان بھر سکتے ہیں، جن میں میگ 29 کے فائٹر جیٹس، کاموف-31، ایم ایچ-60 آر ہیلی کاپٹر، اور ملک میں تیار کردہ لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) اور ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) شامل ہیں۔گزشتہ سال، مودی نے دیوالی کی خوشیاں انڈو-پاک سرحد کے قریب کَچھ میں مسلح افواج کے ساتھ منائی تھیں۔
اپنے دورے سے قبل وزیراعظم نریندر مودی اتوار کی شام دہلی سے خاموشی کے ساتھ گوا روانہ ہوئے۔ وہاں سے وہ گوا کے ساحل کے قریب آئی این ایس وکرانت پہنچے۔ یہ پورا سفر اور دورہ نہایت رازدارانہ انداز میں انجام دیا گیا۔آئی این ایس وکرانت پر وزیراعظم مودی کی مصروفیات طویل اور متنوع رہیں۔ وہ فلائٹ ڈیک پر گئے جہاں ان کے ارد گرد میگ 29 کے لڑاکا طیارے موجود تھے۔وزیراعظم نے فضائی طاقت کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا جہاں میگ 29 طیاروں نے دن اور رات دونوں وقت مختصر رن وے سے اڑان بھری اور لینڈنگ کی۔
انہوں نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ آئی این ایس وکرانت کے لمحات جن میں فضائی طاقت کا مظاہرہ ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام اور بہت کچھ شامل ہے۔انہوں نے ایک شاندار ثقافتی پروگرام بھی دیکھا جہاں ہندوستان ی بحریہ کے افسران اور جوانوں نے مختلف ملی نغمے گائے۔ ان میں ایک خاص گیت بھی شامل تھا جو ہندوستان ی مسلح افواج کی آپریشن سندور میں کامیابی کی یاد میں لکھا گیا تھا۔