اے ایم یو - پہلی بار دیوالی کا جشن، ہندو طلبہ نے کیے دیے روشن
12
M.U.H
20/10/2025
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں اتوار کو طلبہ نے پہلی بار دیوالی کا جشن منایا، جس میں ہندو طلبہ کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ یہ تقریب نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹ سنٹر (NRSC) میں منعقد کی گئی، جہاں روشنیوں کے میلے، آتش بازی اور مٹھائیوں کے تبادلے کے ساتھ تہوار منایا گیا۔
جے شری رام" اور "اے ایم یو" کے حروف چراغوں سے روشن کیے گئے، اور ایک چراغ کی شکل بھی سجائے گئے، جو تہوار کی علامت تھے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کو نیک خواہشات کا پیغام دیا، جبکہ دو تھانوں کی پولیس بھی سیکیورٹی کے لیے موجود رہی۔
اس موقع پر سوشل سائنسز اور ماس کمیونیکیشن کے شعبہ کے طالب علم اکھل کوشل نے دیوالی منانے کی اجازت کی درخواست دی تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ سے اجازت ملنے کے بعد طلبہ نے شاندار تقریب کا اہتمام کیا اور صبح سویرے ہی تیاریاں شروع کر دی تھیں۔ یہ یونیورسٹی کے کسی بھی ہال میں منائے جانے والا پہلا ایسا پروگرام تھا۔ پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی نے تقریب میں شرکت کی، طلبہ کے ساتھ مٹھائیاں بانٹیں اور خوشیوں کا تبادلہ کیا۔
یاد رہے کہ اکتوبر کے مہینے میں 17 تاریخ کو سرسید ڈے بھی منایا گیا، جس میں عظیم مفکر اور اصلاح پسند رہنما سر سید احمد خان کی نیک خدمات اور تعلیم کے فروغ کے لیے ان کے کارناموں کو یاد کیا جاتا ہے۔ اس دن طلبہ اور اساتذہ سرسید کی تعلیمات، نیکی اور معاشرتی اصلاحات کے لیے ان کی کاوشوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کی یاد میں مختلف پروگرام منعقد کرتے ہیں۔
پہلی بار دیوالی کی یہ تقریب یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک اہم واقعہ قرار دی جا رہی ہے۔ ہندو طلبہ نے تہوار کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا اور اسے اپنے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ پراکٹر نے بھی کہا کہ تقریب پرامن انداز میں مکمل ہوئی اور طلبہ نے خوشیوں اور محبت کے ساتھ یہ دن منایا۔