ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی صدر کو خط، کرپشن کے مقدمات میں نیتن یاہو کو معافی دینے کی درخواست
19
M.U.H
13/11/2025
امریکی صدر نے خط میں لکھا کہ "میں اسرائیلی عدالتی نظام کی آزادی کا احترام کرتا ہوں، تاہم میرا ماننا ہے کہ نیتن یاہو، جو خاص طور پر ایران سے دشمن کے خلاف میرے ساتھ طویل عرصے سے کھڑے رہے، ان کیخلاف مقدمہ سیاسی اور بلاجواز ہے۔"
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ کرپشن کے مقدمات میں اسرائیلی وزیراعظم کو معاف کر دیں۔ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے دفتر کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک خط میں اسرائیلی صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو معافی دینے پر غور کریں۔ نیتن یاہو طویل عرصے سے کرپشن کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ٹرمپ متعدد بار اپنے قریبی اتحادی کے لیے معافی کی درخواست کرچکے ہیں۔ ٹرمپ نے خط میں لکھا کہ "میں اسرائیلی عدالتی نظام کی آزادی کا احترام کرتا ہوں، تاہم میرا ماننا ہے کہ نیتن یاہو، جو خاص طور پر ایران سے دشمن کے خلاف میرے ساتھ طویل عرصے سے کھڑے رہے، ان کیخلاف مقدمہ سیاسی اور بلاجواز ہے۔"
اسرائیلی میڈیا کے مطابق صدر کی جانب سے کسی کو معافی دینے کے لیے ضروری ہے کہ معافی کی درخواست باقاعدہ قانونی طریقۂ کار کے تحت جمع کروائی جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اکتوبر میں اسرائیل کے دورے کے دوران ٹرمپ نے کینیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے بھی اسحاق ہرزوگ پر زور دیا تھا کہ وہ نیتن یاہو کو معاف کر دیں۔ نیتن یاہو پر 2019ء میں 3 مقدمات میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی، نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے کاروباری شخصیات سے تقریباً 7 لاکھ شیکل (تقریباً 2 لاکھ 11 ہزار امریکی ڈالر) مالیت کے تحائف وصول کیے۔ اگرچہ اسرائیلی صدر کا کردار زیادہ تر علامتی نوعیت کا ہے، تاہم ان کے پاس مخصوص اور غیر معمولی حالات میں سزا یافتہ افراد کو معافی دینے کا اختیار موجود ہے۔