دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا تیجس فائٹر طیارہ حادثہ کا شکار، پائلٹ ہلاک، دو برسوں میں فائٹر جیٹ حادثے کا دوسرا معاملہ
25
M.U.H
22/11/2025
دبئی ایئر شو میں فلائنگ ڈیمونسٹریشن کے دوران جمعہ (21 نومبر) دوپہر کو ایک تیجس فائٹر جیٹ کریش ہو گیا، جس سے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کالے دھوئیں کا غبار چھا گیا۔یہ طیارہ ہندوستان ایرونوٹکس لمیٹڈ (HAL) کا تیار کردہ سنگل سیٹ لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ (LCA) تھا اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2:10 بجے کریش ہوا۔ ابتدائی طور پر پائلٹ کی حالت یا ایجیکشن کے بارے میں افسران کی جانب سے فوری تصدیق نہیں آئی تھی، لیکن بعد میں بھارتی فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی اطلاع دی۔
بھارتی فضائیہ نے لکھا کہ،
’’آج دبئی ایئر شو میں ایریل ڈسپلے کے دوران IAF کا تیجس ایئرکرافٹ حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ کو جان لیوا چوٹیں آئیں۔ بھارتی فضائیہ اس جان کے نقصان پر گہرا دکھ محسوس کرتی ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور حمایت میں کھڑی ہے۔ حادثے کی وجوہات جانچنے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔‘‘
یہ حادثہ دنیا کی سب سے بڑی ایوی ایشن نمائشوں میں سے ایک اور ہر دو سال بعد ہونے والے دبئی ایئر شو کے دوران پیش آیا۔ اس ایونٹ میں اس ہفتے کئی بڑے اعلان کیے گئے، جن میں ایمریٹس اور فلائی دبئی (FlyDubai) کی جانب سے کئی ارب ڈالر کے طیارے کے آرڈرز شامل ہیں۔
دو برسوں میں تیجس سے متعلق یہ دوسرا حادثہ
دو برسوں میں تیجس سے متعلق یہ دوسرا حادثہ ہے۔ مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسلمیر میں ایک تیجس فائٹر طیارہ گر گیا تھا۔ 2001 میں اپنی پہلی ٹیسٹ فلائٹ کے بعد سے 23 سالہ تاریخ میں یہ طیارے کا پہلا بڑا حادثہ تھا، تاہم اس معاملے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔
تیجس فائٹر جیٹ کے فیچرز
تیجس ایک 4.5 جنریشن کا ملٹی رول کومبیٹ ایئرکرافٹ ہے، جو ایئر ڈیفنس مشن، آفینسو ایئر سپورٹ اور کلوز کومبیٹ آپریشن کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ اپنی کلاس کے سب سے ہلکے اور سب سے چھوٹے فائٹر طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس طیارے کی خاص بات اس کی مارٹن-بیکر زیرو-زیرو ایجیکشن سیٹ ہے، جو پائلٹ کو زیرو اونچائی اور زیرو اسپیڈ پر بھی محفوظ طریقے سے اجیکٹ کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے، جیسے کہ ٹیک آف، لینڈنگ یا لو لیول منیوور کے دوران۔ یہ سسٹم کینوپی کو کھولنے، پائلٹ کو طیارے سے دور دھکیلنے اور پیراشوٹ کے ذریعے محفوظ زمین پر اترنے کے لیے ایک دھماکہ خیز چارج استعمال کرتا ہے۔تیجس کی لمبائی 13 میٹر اور چوڑائی 8.20 میٹر ہے، اور یہ ایک بار میں 3000 کلومیٹر کی پرواز کر سکتا ہے۔ اس کی لاگت تقریباً 600 کروڑ روپے ہے۔ اس کی ٹاپ اسپیڈ 2205 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ وزن 6500 کلوگرام ہے۔