ٹرمپ نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنےکی ڈیڈلائن دیدی
24
M.U.H
22/11/2025
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔ صدر ڈونلٖڈ ٹرمپ نے امریکی ریڈیو کو انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یوکرین جمعرات تک امریکا کا امن معاہدے قبول کرلے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اُن کے پاس بہت سی ڈیڈ لائنیں تھیں لیکن اگر چیزیں ٹھیک چل رہی ہوں تو آپ ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہیں، لیکن میرے خیال میں امن معاہدہ قبول کرنے کے لیے جمعرات کا دن مناسب وقت ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکا کے امن منصوبے کی منظوری نہ دینے پر یوکرین اپنی آزادی، وقار یا واشنگٹن کی حمایت کھو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ روس کے اہم مطالبات کی حمایت کرتا ہے، اس بارے میں سوچنا ہوگا، یہ ہفتہ مشکل ترین ہے، کیونکہ اس میں سخت فیصلہ کرنا ہوگا۔ یوکرینی صدر نے اس مشکل ترین موقع پر پوری قوم کو متحد ہونے کی اپیل کی۔ ادھر میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین کو حفاظتی ضمانت دینے کے لیے نیٹو کے آرٹیکل 5 کے طرز پر حفاظتی یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں، اس آرٹیکل کے مطابق کسی رکن ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔ جنگ بندی مسودے کے مطابق معاہدہ دستخط کے بعد 10 سال نافذ العمل رہے گا۔