ایران مخالف قرارداد منظور کرکے بورڈ آف گورنرز نے آئی اے ای اے کی حیثیت پر کاری ضرب لگائی ہے: روس
28
M.U.H
22/11/2025
ماسکو: روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے زور دیکر کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کی تصدیقی کارروائی کے لیے بورڈ آف گورنرز کے ہنگامی اجلاس کی ہرگز ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے سیکریٹیریئیٹ نے ایران کے ایٹمی پروگرام کی تصدیق کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔
ماریا زاخارووا نے کہا کہ ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں نیز یورپی سازشوں کے باوجود اپنی ایٹمی ذمہ داریاں پوری کیں لہذا ایران کے خلاف عالمی پابندیاں منسوخ ہوچکی ہیں۔
انہوں نے معائنے کے موجودہ معاملات کو لیکر ایران کے خلاف پرانی پابندیوں کو بحال کرنے کی مغربی سازش کو بھی حقیقت کی کھلی تحریف قرار دیا جس کے نتیجے میں آئی اے ای اے کی تصدیقی کارروائيوں کی بنیادیں کمزور پڑ رہی ہیں۔
ماریا زاخارووا نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے خلاف پہلے سے کہیں کم ووٹ پڑے جو اس بات کی علامت ہے کہ آئی اے ای اے کو ناجائز سیاسی اہداف کے لیے استعمال کرنے پر سوالیہ نشان اٹھ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اجلاس غیرضروری تھے اور اس کے نتیجے میں آئی اے ای اے کی حیثیت پر کاری ضرب لگی ہے۔