سعودی اتحاد کا یمن میں عرب امارات کے کرائے کے جنگجوؤں کو انتباہ
12
M.U.H
27/12/2025
حضرموت میں عرب امارات کے حامی عناصر کی سرگرمیوں اور بڑھتی جھڑپوں کے بعد سعودی اتحاد نے سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
یمن میں سعودی عرب اور امارات کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر سعودی اتحاد نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جھڑپوں میں اضافے کے بعد سعودی اتحاد نے خبردار کیا ہے کہ تناؤ بڑھانے والی کسی بھی عسکری سرگرمی سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن میں کشیدگی کو ہوا دینے والی فوجی سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں۔ یہ انتباہ خاص طور پر صوبہ حضرموت میں امارات کے حمایت یافتہ عناصر کو مخاطب کرکے دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جنوبی عبوری کونسل کے عناصر حضرموت میں عام شہریوں کے خلاف سنگین اور خوفناک کارروائیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔ یہ عناصر فوری طور پر صوبہ حضرموت سے نکل جائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب بدستور یمن کی خود ساختہ حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔
گزشتہ چند ہفتوں سے یمن کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں سعودی اور اماراتی حمایت یافتہ گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں سعودی عرب نے حضرموت میں اماراتی حمایت یافتہ عناصر کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بھی کیے، جس کے بعد ان عناصر کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔