منریگا بچاو مہم کا 5جنوری سے آغاز‘کانگریس کا اعلان
28
M.U.H
28/12/2025
نئی دہلی: صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں جمہوریت، آئین اور شہری حقوق شدید دباؤ میں ہیں۔مودی حکومت نے منریگا کو ختم کر کے کروڑوں غریب اور کمزور طبقات کو بے سہارا بنا دیا ہے اور یہ اقدام محض ایک اسکیم کا خاتمہ نہیں بلکہ حقِ روزگار پر براہِ راست حملہ ہے۔کھرگے نے کہا کہ منریگا کا خاتمہ دستور کے رہنما اصولوں، بالخصوص دفعہ 41 میں درج حقوق کے خلاف ہے۔ مودی حکومت نے بغیر کسی جامع مطالعے، ریاستوں اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے نیا قانون نافذ کر کے وہی طرزِ عمل اختیار کیا جو ماضی میں زرعی قوانین کے معاملے میں دیکھا گیا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیحات غریب عوام نہیں بلکہ چند بڑے سرمایہ داروں کے مفادات ہیں۔کانگریس صدر نے بتایا کہ 2 فروری 2006 کو آندھرا پردیش میں سونیا گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ نے منریگا کی شروعات کی تھی۔ اس اسکیم نے دیہی ہندوستان کا چہرہ بدل دیا، نقل مکانی رکی، دیہات کو قحط، بھوک اور استحصال سے نجات ملی اور دلتوں، آدیواسیوں، خواتین اور بے زمین مزدوروں کو ریاستی تحفظ کا اعتماد حاصل ہوا۔ حکومت کے فیصلہ کیخلاف کانگریس نے 5جنوری سے ملک بھر میں منریگا بچاؤ مہم کے آغازکا اعلان کیا ہے۔ماضی کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2015 میں اراضی حصولی قانون میں ترمیم کیخلاف کانگریس کے احتجاج سے حکومت کو پسپا ہونا پڑا اور 2020 میں زرعی قوانین کیخلاف طویل کسان تحریک کے بعد بالآخر حکومت نے قوانین واپس لیے۔ کھرگے کے مطابق راہول گاندھی نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ زرعی قوانین واپس ہوں گے اور اب منریگا بھی بحال کرنا پڑے گا۔ اجلاس میںتنظیمی امور‘ ایس آئی آر کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے 2026 میں آسام، مغربی بنگال، ٹاملناڈو، کیرالا اور پڈوچیری کے انتخابات کیلئے متحد ہو کر تیاریوں پر زور دیا۔کھرگے نے ووٹر فہرستوں کے خصوصی نظرثانی عمل کو بھی ایک سنگین تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور کمزور طبقات کے نام کٹنے یا منتقل ہونے سے بچانے کیلئے پارٹی کارکنوں کو گھر گھر جا کر نگرانی کرنی ہوگی۔ اجلاس سے قبل کانگریس ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی، کے سی وینوگوپال، اجے ماکن، دگ وجے سنگھ، امبیکا سونی، سلمان خورشید، جے رام رمیش اور ششی تھرور شریک تھے۔