تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا
15
M.U.H
27/12/2025
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں کی نقل و حرکت روکنے اور سرحدی علاقوں کے شہریوں کو گھر واپسی کی اجازت پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کمبوڈیا تخریب کاری اور سائبر کرائم کا مقابلہ کرنے میں تعاون پر رضا مند ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی 3 روز سے جاری مذاکرات کے بعد ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں سرحدی تنازعے کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 5 دن تک جھڑپیں جاری رہی تھیں، ان جھڑپوں میں دونوں ممالک کے 48 افراد ہلاک اور ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ کے قریب لوگ بے گھر ہوگئے تھے۔
ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں اکتوبر میں کوالالمپور میں دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
گزشتہ 8 دسمبر کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں لیکن اب جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔