آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت پر قائم ہیں: روسی وزیر خارجہ
21
M.U.H
28/12/2025
روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو غزہ کی صورتحال سے قطع نظر فلسطین۔اسرائیل تنازع کے منصفانہ حل پر قائم ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس بدستور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے اور فلسطین۔اسرائیل تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے روسی خبر ایجنسی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے منصفانہ حل کے لیے ایک اہم عنصر قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور اس کے گرد و نواح میں صورتحال چاہے جیسے بھی رخ اختیار کرے، روس فلسطین۔اسرائیل تنازع کے حل کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ قانونی فریم ورک کی بنیاد پر اپنے مؤقف کی توثیق کرتا ہے۔
لاوروف کا کہنا تھا کہ اس مسئلے میں بنیادی بات تاریخی ناانصافی کا ازالہ ہے اور اس کا حل ایک ایسی فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے جو اسرائیل کے ساتھ بقائے باہمی کے اصول کے تحت وجود رکھتی ہو۔