کانگریس کے یومِ تاسیس پر کھڑگے کا پیغام، ’ہمارے پاس بھلے ہی اقتدار نہیں مگر کانگریس کی ریڑھ سیدھی ہے‘
20
M.U.H
28/12/2025
ہندوستان کی سب سے پرانی سیاسی جماعت کانگریس نے اپنا 140واں یومِ تاسیس جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر دہلی کے اندرا بھون میں منعقدہ تقریب میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے قومی پرچم لہرایا۔ پروگرام میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پارٹی کے متعدد سینئر رہنما شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران کانگریس کی طویل جدوجہد، آزادی کی تحریک میں اس کے کردار اور جمہوری اقدار کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ کانگریس ختم ہو چکی ہے، انہیں صاف پیغام ہے کہ پارٹی اقتدار میں نہ بھی ہو تو اس کی ریڑھ سیدھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی آئین، سیکولرزم اور عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ آئندہ کرے گی۔
کھڑگے نے زور دے کر کہا کہ کانگریس نے کبھی مندر اور مسجد کے نام پر سیاست یا ووٹ مانگنے کا سہارا نہیں لیا۔ ان کے مطابق کانگریس نے ہمیشہ مذہب کو ذاتی عقیدہ مانا، جبکہ موجودہ حکمراں جماعت نے اسے سیاسی ہتھیار بنا دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سماج کو بانٹنے کی سیاست کرتی ہے، جبکہ کانگریس جوڑنے پر یقین رکھتی ہے۔
کانگریس صدر نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کے پاس اقتدار تو ہے، مگر سچ نہیں۔ اسی لیے وہ حقائق کو چھپاتے ہیں، مردم شماری نہیں کراتے اور آئین بدلنے کی باتیں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ تاریخ پر لیکچر دیتے ہیں، ان کے آباؤ اجداد تاریخ سے فرار اختیار کرتے رہے ہیں۔
کھڑگے نے کہا کہ کانگریس صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، جسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جدوجہد اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملک کی روح، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سچ ہمیشہ جیتتا ہے، چاہے اس کے ساتھ اکثریت نہ بھی ہو۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچھلے گیارہ برسوں میں موجودہ حکومت نے قوانین میں تبدیلی کر کے چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا اور منریگا، جنگلات اور زمین جیسے عوامی مفاد کے معاملات کو کمزور کیا۔ کھڑگے نے سونیا گاندھی کے دورِ قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی زمانے میں اطلاعات کا حق، تعلیم کا حق، غذائی تحفظ قانون، منریگا اور زمین حصول قانون جیسے تاریخی اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 28 دسمبر 1885 کو ممبئی میں کانگریس کی بنیاد رکھی گئی تھی اور 62 برس تک کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں نے قید و بند اور قربانیاں دے کر ملک کو آزادی دلائی۔ آج بھی جب آئین اور جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں، کانگریس اسی ہندوستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جس کا خواب آزادی کے متوالوں نے دیکھا تھا۔