دہلی کابینہ نے ’دہلی جن وشواس بل 2026 کیا منظور، چھوٹے جرائم کو جرم کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ
40
M.U.H
31/12/2025
نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ دہلی کابینہ نے ’دہلی جن وشواس (ضوابط میں ترمیم) بل 2026‘ کو منظوری دے دی ہے۔ اس بل کا بنیادی مقصد چھوٹے، تکنیکی اور طریقۂ کار سے متعلق جرائم کو فوجداری دائرے سے باہر نکالنا اور کاروبار کرنے میں آسانی کے ساتھ ساتھ زندگی گزارنے میں سہولت کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے اس فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے جن وشواس قانون سے تحریک لے کر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت شہریوں اور تاجروں کو غیر ضروری قانونی الجھنوں سے نجات دلانے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کے مطابق، نئے بل کے تحت دہلی میں معمولی، تکنیکی اور طریقۂ کار کی خلاف ورزیوں پر اب فوجداری مقدمات درج نہیں کیے جائیں گے۔ ان کی جگہ شہری جرمانے، انتظامی سزائیں اور اپیل کا واضح نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس سے نہ صرف عوام کو بلا وجہ کی پریشانی سے راحت ملے گی بلکہ عدالتوں پر بڑھتا ہوا بوجھ بھی کم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کا معاملہ، سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کرے گی دہلی پولیس
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام سے انتظامیہ کو زیادہ مؤثر طریقے سے کام کرنے میں مدد ملے گی اور کاروباری ماحول میں اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بل کا مقصد بد نظمی یا قانون شکنی کو فروغ دینا نہیں ہے، بلکہ سزا اور جرم کے درمیان مناسب توازن قائم کرنا ہے، تاکہ معمولی غلطیوں پر سخت فوجداری کارروائی سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بل مرکز حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے جن وشواس (ضوابط میں ترمیم) قانون 2023 اور 2025 کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت مرکزی قوانین میں شامل کئی چھوٹے جرائم کو جرم کی تعریف سے باہر کیا گیا ہے۔ دہلی حکومت بھی اسی طرز پر ریاستی قوانین میں اصلاحات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی میٹرو: 3 اسٹیشنوں کا بدلا جائے گا نام، وزیر اعلی ریکھا گپتا کا اعلان
ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی حکومت تجارت میں سہولت اور شہریوں کے روزمرہ کے معاملات کو آسان بنانے کے لیے مکمل طور پر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بل دہلی اسمبلی کے آئندہ سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور منظوری کے بعد اسے نافذ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سخت سزاؤں کے بجائے سادہ، متوازن اور مؤثر انتظامی نظام اپنانا ہی جدید حکمرانی کی علامت ہے، اور دہلی جن وشواس بل اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔