ہندوستان تعمیر وترقی کی راہوں پر دوڑ رہا ہے: صدر جمہوریہ کا خطاب
42
M.U.H
28/01/2026
نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت کی تعریف کی اور اس کی کامیابیوں کو گنوایا۔ صدر نے مساوات اور سماجی انصاف پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ملک کی تعمیر اور ترقی کے کاموں کا بھی ذکر کیا ۔ صدر نے خطاب کرتے ہوئے آسام کے کاماکھیا اور مغربی بنگال کے ہوڑہ کے درمیان حال ہی میں شروع کی گئی وندے بھارت سلیپر ٹرین کی ستائش کی اور اسے بھارتی ریلوے کی ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ صدر نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کی خدمت کرنے والی بھارتی ریلوے 100 فیصد برقی کاری کے ہدف کے بہت قریب پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے دہلی اور میزورم کی راجدھانی آئزول کے درمیان براہِ راست ریل رابطے کا بھی ذکر کیا، جس کا آغاز راجدھانی ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ جب یہ ٹرین پہلی بار آئزول پہنچی تو مقامی لوگوں میں جو خوشی اور جوش دیکھا گیا، اس نے پورے ملک کو فخر اور مسرت سے بھر دیا۔
ریلوے کی کامیابی
بھارتی ریلوے کی بڑی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ ملک نے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ان میں دنیا کا سب سے بلند آرچ پل، چناب پل اور تمل ناڈو کا پمبن پل شامل ہیں۔ انہوں نے وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر میں 150 سے زائد وندے بھارت ٹرینوں کا نیٹ ورک چل رہا ہے، جو جموں و کشمیر سے لے کر کیرالہ تک پھیلا ہوا ہے۔
صدر دروپدی مرمو نے بدھ کے روز کہا کہ خلا نورد شوبھانشو شکلا کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا سفر ایک تاریخی مہم کی شروعات ہے۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن، دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ خلائی سیاحت اب ہندوستانیوں کی دسترس میں آتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، “شوبھانشو شکلا کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) تک پہنچنا ایک تاریخی سفر کی ابتدا ہے۔ آنے والے برسوں میں بھارت اپنا ذاتی خلائی اسٹیشن بنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔” صدر نے کہا کہ ملک پورے جوش و جذبے کے ساتھ گگن یان مشن پر کام کر رہا ہے۔
اس موقع پر لوک سبھا کے ایوان میں موجود وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے میزیں بجا کر ردِعمل ظاہر کیا۔ شوبھانشو شکلا نے گزشتہ سال جون–جولائی میں آئی ایس ایس پر 18 دنوں کا مشن مکمل کیا تھا اور وہ اس مداری تجربہ گاہ تک پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔
اس سے قبل سال 1984 میں خلا نورد راکیش شرما نے سوویت یونین کے خلائی اسٹیشن سیلیوٹ-7 کے ذریعے خلا کا سفر کیا تھا۔ صدر دروپدی مرمو نے ‘وکست بھارت – جی رام جی ایکٹ’ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے دیہات کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی اور بدعنوانی و وسائل کے ضیاع پر روک لگانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی مشترکہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس قانون کے تحت کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کی ترقی کے لیے نئی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صدر نے جیسے ہی ‘وکست بھارت – جی رام جی ایکٹ’ کا ذکر کیا، اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ شروع کر دیا اور اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے لگے۔
اپوزیشن کے شور شرابے کے درمیان صدر نے کہا، “دیہی علاقوں میں روزگار اور ترقی کے لیے جی رام جی قانون بنایا گیا ہے۔ اس نئی اصلاح کے تحت دیہات میں 125 دنوں کا روزگار فراہم کیا جائے گا اور بدعنوانی و وسائل کے ضیاع پر مؤثر روک لگائی جائے گی۔” مرمو نے کہا کہ اس اسکیم سے دیہی ترقی کو نئی رفتار ملے گی اور کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کے لیے نئی سہولیات تیار کی جائیں گی۔
ترقی کی رفتار تیز ہے
اپنے خطاب میں صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ سے خطاب کر کے بے حد خوش ہیں اور انہیں یاد ہے کہ گزشتہ سال بھارت کی تیز رفتار ترقی اور شاندار ورثے کے جشن کے اعتبار سے یادگار رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا اور شہریوں نے بنکم چندر چٹرجی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک نے سری گرو تیغ بہادر جی کے 350ویں شہیدی دیوس کو بھی منایا۔ بیرسا منڈا کی 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر پورے ملک نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور قبائلی برادری کے لیے ان کی خدمات کو یاد کیا۔ سردار پٹیل کی 150ویں یومِ پیدائش سے متعلق تقریبات نے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔ پورا ملک اس بات کا گواہ بنا کہ بھارت رتن بھوپین ہزاریکا کی یومِ پیدائش کی تقریبات نے کس طرح ملک کو موسیقی اور اتحاد کے احساس سے بھر دیا۔
مساوات پر زور
صدر نے کہا کہ جب ملک اپنے بزرگوں کی خدمات کو یاد کرتا ہے تو نئی نسل کو تحریک ملتی ہے، جو ہمیں ’وکست بھارت‘ کے سفر میں مزید تیزی سے آگے بڑھاتی ہے۔ سماجی انصاف پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے ہمیشہ مساوات اور سماجی انصاف پر زور دیا، جن اقدار کو آئین میں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا، “ملک کے ہر شہری کو بغیر کسی امتیاز کے اپنے تمام حقوق ملنے چاہئیں۔ میری حکومت حقیقی سماجی انصاف کے لیے پُرعزم ہے۔” انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں گزشتہ ایک دہائی میں تقریباً 25 کروڑ افراد غربت سے باہر نکلے ہیں اور حکومت کی تیسری مدت میں غریبوں کو بااختیار بنانے کی کوششیں مزید تیز کی گئی ہیں۔
صدر نے کہا، میری حکومت دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائلی برادری اور ہر شہری کے لیے مکمل حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کا نظریہ ہر شہری کی زندگی پر مثبت اثر ڈال رہا ہے۔ سال 2014 کے آغاز میں سماجی تحفظ کی اسکیمیں صرف 25 کروڑ شہریوں تک محدود تھیں، جبکہ حکومت کی کوششوں سے اب تقریباً 95 کروڑ ہندوستانیوں کو سماجی تحفظ کی اسکیموں کا فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔
پانی کا مشن
انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن کے پانچ برسوں میں 12.5 کروڑ نئے گھروں کو پائپ کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا۔ گزشتہ سال تقریباً ایک کروڑ نئے گھروں تک نل کے پانی کی سہولت پہنچی۔ اجولا یوجنا کے تحت اب تک 10 کروڑ سے زائد گھروں کو ایل پی جی کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں، اور گزشتہ سال اس مہم میں تیزی آئی ہے۔ صدر نے کہا کہ میری حکومت نظام میں شفافیت اور دیانت داری کو ادارہ جاتی شکل دے رہی ہے۔
گزشتہ ایک سال میں براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے 6.75 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم مستحقین تک براہِ راست پہنچائی گئی ہے۔ صدر دروپدی نے کہا کہ میری حکومت دلتوں، پسماندہ طبقات، محروم اور قبائلی برادریوں سمیت سب کے لیے مکمل حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کا وژن ملک کے ہر شہری کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔ 2014 کے آغاز میں سماجی تحفظ کی اسکیمیں صرف 25 کروڑ شہریوں تک محدود تھیں، جبکہ آج تقریباً 95 کروڑ ہندوستانیوں کو سماجی تحفظ حاصل ہے۔
غریبوں کو علاج
انہوں نے خطاب میں کہا کہ آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت اب تک 11 کروڑ سے زائد غریب مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ صرف گزشتہ سال 2.5 کروڑ مریضوں کو اس اسکیم سے فائدہ ملا۔ گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال میں ایک کروڑ بزرگ شہریوں کو ویہ وندنا کارڈ جاری کیے گئے، جن کے ذریعے تقریباً آٹھ لاکھ بزرگوں کو اسپتالوں میں مفت داخل علاج ملا۔ ملک بھر میں قائم ایک لاکھ 80 ہزار آیوشمان آروگیہ مندرز کے ذریعے شہریوں کو ان کے گھروں کے قریب علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سِکل سیل اینیمیا خاتمہ مشن کے تحت 6.5 کروڑ سے زائد شہریوں کی اسکریننگ کی گئی، جس سے کئی قبائلی علاقوں میں اس بیماری پر قابو پایا گیا۔
جاپانی انسیفلائٹس جیسی بیماریوں پر مشن موڈ میں چلائی گئی مہمات کے ذریعے مؤثر کنٹرول حاصل ہوا ہے، خاص طور پر اتر پردیش کے پسماندہ اور دیہی علاقوں میں۔ صدر نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارت کو آنکھوں کی بیماری ٹریکوما سے پاک قرار دیا ہے۔ میری حکومت ہر شہری کو بیمہ تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔ پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا کے تحت کروڑوں شہریوں کو بیمہ کوریج دی گئی ہے، اور 24 ہزار کروڑ روپے سے زائد کے کلیمز ادا کیے جا چکے ہیں۔
کامیاب ملک
صدر نے کہا کہ مجھے اس بات پر اطمینان ہے کہ ملک کے نوجوان، کسان، مزدور اور صنعت کار ’’وکست بھارت‘‘ کی تعمیر میں مسلسل اپنا کردار بڑھا رہے ہیں، جس کی تصدیق گزشتہ سال کے حوصلہ افزا اعداد و شمار کرتے ہیں۔ گزشتہ سال غذائی اجناس کی ریکارڈ 350 ملین ٹن سے زائد پیداوار حاصل کی گئی۔ 150 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ بھارت دنیا کا سب سے بڑا چاول پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ بھارت دنیا کا دوسرا سب سے بڑا مچھلی پیدا کرنے والا ملک بھی بن چکا ہے، جو بلیو اکانومی میں کامیابی کی علامت ہے۔ دودھ کی پیداوار میں بھی بھارت دنیا کا سب سے کامیاب ملک ہے، جو کوآپریٹو تحریک کی طاقت کا نتیجہ ہے۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے۔
موبائل مینوفیکچرنگ میں بھارت دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے۔ 2025-26 کے ابتدائی پانچ مہینوں میں اسمارٹ فون برآمدات ایک لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئیں۔ اس سال بھارت نے 100 سے زائد ممالک کو الیکٹرک گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ 7. میری حکومت بدعنوانی اور گھوٹالوں سے پاک نظام قائم کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کا ہر روپیہ ملک کی ترقی اور فلاح پر خرچ ہو رہا ہے۔ جدید بنیادی ڈھانچے میں بے مثال سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور زمین، سمندر اور فضا میں بھارت کی تیز رفتار ترقی عالمی بحث کا موضوع بن چکی ہے۔
سڑک یوجنا
گزشتہ ایک سال میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت 18 ہزار کلومیٹر دیہی سڑکیں تعمیر کی گئیں، جس سے تقریباً پورا دیہی بھارت سڑکوں سے جڑ چکا ہے۔ بھارتی ریلوے 100 فیصد برقی کاری کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آئزول اور نئی دہلی کے درمیان براہِ راست ریل رابطہ قائم ہوا۔ چناب پل اور نیا پمبن پل بنیادی ڈھانچے میں تاریخی سنگ میل ہیں۔
ملک بھر میں 150 سے زائد وندے بھارت ٹرینوں کا نیٹ ورک قائم ہو چکا ہے، اور نئی وندے بھارت سلیپر ٹرینیں ایک نئی کامیابی ہیں۔ بھارت کا میٹرو نیٹ ورک 1000 کلومیٹر سے تجاوز کر چکا ہے اور بھارت دنیا کا تیسرا بڑا میٹرو نیٹ ورک رکھنے والا ملک بن گیا ہے۔ قومی آبی گزرگاہوں کی تعداد 5 سے بڑھ کر 100 سے زائد ہو گئی ہے، جس سے مشرقی ریاستیں لاجسٹک حب بن رہی ہیں۔ کروز سیاحت مقامی معیشت کو مضبوط بنا رہی ہے۔