بحری بیڑا آرہا ہے، اب معاہدہ کرو یا حملے کا سامنا، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی
24
M.U.H
30/01/2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ کرو یا پھر بدترین حملے کا سامنا کرو۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ معاہدہ کر لے، ورنہ اگلا حملہ "بہت بدتر" ہوگا۔ انہوں نے بدھ کو ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہا کہ "ایک بہت بڑا آرماڈا (طیارہ بردار بحری بیڑہ) ایران کی طرف بڑھ رہا ہے یہ بڑی طاقت، جوش اور مقصد کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔" امریکی صدر نے مزید کہا کہ امید ہے کہ ایران جلد ہی "میز پر آئے گا" اور ایک منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے، یہ معاملہ نہایت اہم ہے، میں نے ایران سے پہلے بھی کہا تھا کہ معاہدہ کر لو، ایران نے ایسا نہیں کیا اور پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا تھا۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کو معاہدہ نہ کرنے پر بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔۔ اس لیے ایسا دوبارہ نہ ہونے دیں۔
قبل ازیں ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی درخواست کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی نمائندے اسٹیووٹکوف سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ ہی ایران نے مذاکرات کی کوئی خواہش ظاہر کی ہے، انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں، لیکن ہمارا موقف واضح ہے، دھمکیوں اور ناجائز مطالبات کے دباؤ میں مذاکرات ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں امریکی فوجی نقل وحرکت اور کسی بھی ممکنہ فوجی مہم جوئی کا نتیجہ شدید عدم استحکام کی صورت میں نکلے گا، جس کی تمام علاقائی ممالک مخالفت کر رہے ہیں۔