منصوبے فائلوں میں نہیں بلکہ زندگی میں نظر آنے چاہئیں، بجٹ سے پہلے وزیراعظم مودی کا میڈیا کے سامنے خطاب
41
M.U.H
29/01/2026
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس جمعرات سے شروع ہو گیا ہے، جو کئی معنوں میں خاص قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی دوران وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم‘‘ ان کی حکومت کی بنیادی پالیسی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سال 2026 کے آغاز میں صدرِ جمہوریہ نے پارلیمنٹ کے اراکین کے سامنے جو توقعات رکھی ہیں، وہ نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اراکینِ پارلیمنٹ نے ان توقعات کو سنجیدگی سے لیا ہوگا اور اسی جذبے کے ساتھ آئندہ کارروائی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدھ کے روز صدر دروپدی مرمو نے ہم سب کے سامنے رہنمائی سے بھرپور کئی باتیں رکھیں۔ اجلاس کے آغاز میں صدر نے اراکینِ پارلیمنٹ سے اپنی توقعات کا اظہار کیا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ تمام اراکین نے ان باتوں کو سنجیدگی سے لیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس اپنی نوعیت کا نہایت اہم اجلاس ہوتا ہے۔
پُراعتماد بھارت
وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج بھارت دنیا کے لیے امید کی کرن بھی بنا ہے اور کشش کا مرکز بھی۔ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آنے والے وقت میں بھارتی نوجوانوں کا مستقبل کتنا روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ بھارت کے پروڈیوسرز اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔ وزیراعظم نے تمام طرح کے پروڈیوسرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ بھارت-یورپی یونین کی منڈی کھل چکی ہے، ایک بہت بڑا بازار دستیاب ہے اور ہمارا سامان وہاں مسابقتی قیمتوں پر پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھنا چاہیے بلکہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہمیں معیار پر زور دینا ہے۔ آج جب بازار کھل گیا ہے تو ہمیں بہترین سے بہترین معیار کا سامان لے کر بازار میں جانا ہوگا۔ 27 ممالک کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ ہمارے ملک کے ماہی گیروں، کسانوں، نوجوانوں اور اُن افراد کے لیے بڑے مواقع لے کر آ رہا ہے جو سروس سیکٹر میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ملک کی توجہ بجٹ کی طرف ہونا فطری ہے، لیکن اس حکومت کی شناخت ہمیشہ سے ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم رہی ہے۔ ہم نے ’’ریفارم ایکسپریس‘‘ کو تیزی کے ساتھ شروع کیا ہے۔ میں اس ریفارم ایکسپریس کو رفتار دینے میں مثبت تعاون کے لیے تمام اراکینِ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ریفارم ایکسپریس پوری رفتار پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج ملک آگے بڑھ رہا ہے، یہ وقت رکاوٹوں کا نہیں بلکہ حل کا ہے۔ آج ترجیح رکاوٹیں کھڑی کرنا نہیں، بلکہ مسائل کے حل تلاش کرنا ہے۔ آج کردار رکاوٹوں کا رونا رونے کا نہیں، بلکہ حل ڈھونڈنے اور انہیں زمینی سطح پر نافذ کرنے کا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کوئی ہماری جتنی بھی تنقید کرے، لیکن ایک بات سب تسلیم کرتے ہیں کہ حکومت نے ’’لاسٹ مائل ڈیلیوری‘‘ پر زور دیا ہے۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ منصوبے صرف فائلوں تک محدود نہ رہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں تک پہنچیں۔ اسی روایت کو ہم ریفارم ایکسپریس کے ذریعے آئندہ نسل کی اصلاحات میں مزید آگے بڑھانے والے ہیں۔