آج کا دور نوجوانوں کے لیے سب سے زیادہ مواقع کا دور ہے:پی ایم مودی
31
M.U.H
29/01/2026
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دارالحکومت دہلی کے کریاپّا پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کی سالانہ ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کے آغاز میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پاور کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جو بارامتی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
وزیر اعظم نے ان کے انتقال کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ این سی سی ریلی میں وزیر اعظم نے کہا، "آج صبح مہاراشٹر میں ایک افسوسناک طیارہ حادثہ پیش آیا ہے۔ اس حادثے نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار جی اور ہمارے چند دوستوں کو ہم سے چھین لیا۔ اجیت دادا نے مہاراشٹر اور ملک کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔ وہ ہمیشہ سرگرمی کے ساتھ کام کرتے رہے۔ میں اجیت پاور جی کے اہلِ خانہ اور اس حادثے میں جان گنوانے والے دیگر افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا،میں یہاں موجود تمام کیڈٹس، دوست ممالک سے آئے ہوئے کیڈٹس اور افسران کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اس بار بھی بڑی تعداد میں گرلز کیڈٹس یہاں آئی ہیں، میں ان کا خصوصی طور پر خیرمقدم کرتا ہوں۔ این سی سی ایک ایسی تحریک ہے جو بھارت کی نوجوان طاقت کو خوداعتماد، منظم، حساس اور قوم کے لیے وقف بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں این سی سی کیڈٹس کی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ ہو گئی ہے۔
نوجوانوں کے لیے اپنی پالیسیوں اور اپیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا،میں نے لال قلعے سے کہا تھا — یہی وقت ہے، درست وقت ہے۔ آج کا دور ہمارے نوجوانوں کے لیے سب سے زیادہ مواقع کا دور ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس دور کا زیادہ سے زیادہ فائدہ نوجوانوں کو ملے۔ وزیر اعظم نے کہا، آج پوری دنیا نوجوان بھارت کی طرف اعتماد کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔ اس اعتماد کی وجہ ہمارے نوجوانوں کی مہارتیں اور اقدار ہیں۔
انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو دنیا ’مدر آف آل ڈیلز‘ اور ایک ’گیم چینجر‘ قرار دے رہی ہے۔ یہ آزاد تجارتی معاہدہ (FTA) نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور تخلیقی آزادی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق، آج ملک جس ریفارم ایکسپریس پر سوار ہے، وہ نوجوان طاقت کے سامنے آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کر رہی ہے۔
این سی سی سے جڑے آپ نوجوانوں میں جو نظم و ضبط اور اقدار ہیں، وہ ان مواقع کے ساتھ مل کر سونے پر سہاگہ ہیں۔ انہوں نے آپریشن سندور پر نکالی گئی جھانکی کی بھی خاص طور پر تعریف کی۔ آپریشن سندور کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، "فوجی کارروائی نے یہ ثابت کیا کہ ہمارے دیسی ہتھیار کتنے جدید اور ہائی ٹیک ہیں۔ آج کی جنگ صرف میدان میں نہیں، بلکہ کوڈ اور کلاؤڈ میں بھی لڑی جاتی ہے۔ جو ممالک ٹیکنالوجی میں پیچھے رہ جاتے ہیں، وہ نہ صرف معاشی بلکہ سکیورٹی کے لحاظ سے بھی کمزور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کا مطلب صرف معاشی خوشحالی نہیں ہے۔ "ایک شہری کے طور پر ہمارا رویہ بھی ترقی یافتہ بھارت کا اہم پہلو ہے۔ ہمیں اپنے فرائض کو سب سے زیادہ ترجیح دینی چاہیے۔ یہ ریلی ایک ماہ تک جاری رہنے والے سالانہ این سی سی جمہوریہ دن کیمپ کے اختتام کی علامت ہے، جس میں ملک بھر سے 2406 کیڈٹس نے حصہ لیا، جن میں 898 لڑکیاں شامل تھیں۔ ریلی کا موضوع تھا: قوم اول – فرض شناس نوجوان۔ جو نوجوانوں میں فرض، نظم و ضبط اور قومی وابستگی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔
این سی سی جمہوریہ دن کیمپ 2026 کا باضابطہ افتتاح 5 جنوری کو نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے کیا تھا۔ این سی سی کے مطابق، اس سال 20 سے زائد دوست ممالک بشمول بھوٹان، سری لنکا، برازیل، نیپال اور ملائشیا سے 200 سے زیادہ غیر ملکی کیڈٹس اور افسران نے بھی شرکت کی۔ ایک ماہ طویل این سی سی کیمپ میں کئی بین الادارہ جاتی مقابلے اور سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں بہترین کیڈٹ مقابلہ، چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ اور فلیگ ایریا ڈیزائننگ شامل ہیں۔
77ویں یومِ جمہوریہ پریڈ میں این سی سی کی پہلی خواتین مارچنگ ٹیم، اس کے بعد مشترکہ بینڈ اور آخر میں مرد مارچنگ ٹیم شامل تھی۔ پہلی بار این سی سی کیڈٹس نے تلواروں کے ساتھ فوجی دستوں کی طرح رسمی پریڈ میں مارچ کیا۔ گزشتہ کچھ عرصے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت کئی اعلیٰ شخصیات این سی سی کیڈٹس سے خطاب کر چکی ہیں۔