بھارتی آئین کا آغاز ’ہم عوام‘ سے ہوتا ہے نہ کہ ’بھارت ماتا‘ سے: اویسی
34
M.U.H
09/02/2026
حیدرآباد: تلنگانہ کے سداشیو پیٹ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہا کہ بھارتی آئین کی شروعات انگریزی الفاظ وی دی پیپل سے ہوتی ہے نہ کہ بھارت ماتا کے نام سے۔ انہوں نے وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ پر پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا آئین سیکولر اور جامع اصولوں پر قائم ہے اور یہ کسی ایک مذہب کی بالادستی کی بات نہیں کرتا۔
اویسی نے کہا کہ آئین میں بھارت ماتا کا ذکر نہیں بلکہ شہریوں کو مذہبی آزادی دینے کی ضمانت دی گئی ہے جو آرٹیکل 25 میں واضح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئین کا دیباچہ آزادی مساوات انصاف اور بھائی چارے کی قدروں کو تمام شہریوں کے لیے محفوظ بناتا ہے اور یہی اس ملک کی اصل روح ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حب الوطنی کو صرف مذہب سے جوڑا جائے تو یہ آزادی کی جدوجہد کرنے والے بے شمار مجاہدین کی قربانیوں کی توہین ہوگی۔ انہوں نے بہادر شاہ ظفر اور یوسف مہرا علی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مجاہدین نے ملک کے لیے قربانیاں دیں اور قوم پرستی کو کسی ایک مذہب تک محدود کرنا آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
اویسی نے واضح کیا کہ بھارت کی پہچان آئین سے ہے جو سب کو برابر حقوق دیتا ہے اور مذہب کو قوم پرستی سے جوڑنا قابل قبول نہیں کیونکہ ہندوستان کی بنیاد آزادی انصاف اور مساوات پر رکھی گئی ہے۔