قیامت تک نہیں بن پائے گی بابری مسجد، قانون توڑنے والے جائیں گے جہنم: یوگی
22
M.U.H
10/02/2026
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بارہ بنکی میں ایک بڑا بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ جولوگ ملک میں بابری ڈھانچہ کا قیامت تک خواب دیکھ رہے ہیں، ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ کیونکہ قیامت کا دن کبھی آنے والا نہیں ہے۔ بھارت میں قاعدے میں رہوگے توفائدے میں رہوگے۔ ملک کے قانون کو مان لو، قانون توڑنے والوں کوجہنم ہی ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت جوبولتی ہے، وہ کرکے دکھاتی ہے۔ جتنا کرتی ہے، اتنا ہی بولتی ہے۔ ہم نے کہا تھا رام للا آئیں گے، ہم مندر وہیں بنائیں گے۔ ہم نے وہ کرکے دکھایا۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم آج پھر اس بات کوکہہ رہے ہیں کہ قیامت تک بابری نہیں بن پائے گی اورجوقیامت کا دن آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ایسے ہی سڑاور گل جائیں گے، وہ دن کبھی آنے والا نہیں ہے۔ ان کے خواب کوہم ایسے ہی چورکرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی وراثت، ہندوستان کی شاندارروایت اورسناتن دھرم کی اس روایت کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پی ایم مودی نے 25 نومبرکوایودھیا دھام آکرسناتن کی علامت شری رام مندرمیں عظیم الشان بھگوا جھنڈا لہرایا تھا، یہ بھگوا پرچم ہندوستان کے اس فخرکوہمیشہ آگے لے جائے گا۔
ایودھیا میں 500 سال بعد ایک شاندار لمحہ آیا: یوگی آدتیہ ناتھ
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ایودھیا میں 500 سالوں کے بعد ایک شاندارلمحہ آیا ہے۔ برسوں کے دوران کئی بادشاہ، شہنشاہ اورحکومتیں گزرچکی ہیں، لیکن کسی نے بھی رام مندرکی تعمیرکے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بھگوان رام کوصرف بحران کے وقت یاد کرتے ہیں اوربعد میں بھول جاتے ہیں، اس لیے بھگوان رام اب انہیں بھول چکے ہیں۔
اگرآپ بنٹ گئے تو کٹنے کے راستے کھلیں گے: یوگی آدتیہ ناتھ
واضح رہے کہ اترپردیش میں آئندہ سال اسمبلی الیکشن ہونا ہے۔ اس سے پہلے یوگی آدتیہ ناتھ کی بیان بازی میں فرقہ واریت کافی تیزہوگئی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے سیتا پورمیں کہا کہ ذات پات، زبان اورعلاقہ کے نام پرتقسیم کرنے والی سیاست سے لوگوں کومحتاط رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈران کے بہکاوے میں مت آئیے، جوذات کے نام پر، وعدوں کے نام پربانٹنا چاہتے ہیں۔ اگرآپ بنٹ گئے توکٹنے کے راستے بھی کھل جائیں گے۔