اگر سفارت کاری کو ترجیح دی جائے تو معاہدہ ممکن ہے: ایرانی وزیر خارجہ
30
M.U.H
25/02/2026
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران کم سے کم وقت میں ایک متوازن اور منصفانہ معاہدے تک پہنچنے کے پختہ عزم رکھتا ہے۔
اپنے ایکس پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پچھلے دور میں ہونے والی مفاہمت کی بنیاد پر جنیوا (جمعرات ) میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔
اپنے ایکس پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے بارے میں ہمارے بنیادی موقف اور عقائد بالکل واضح ہیں۔
سید عباس عراقچی واشگاف الفاظ میں کہا کہ ایران کسی بھی صورتحال میں، ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کرے گا لیکن پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے حق سے بھی دستبردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ایسے بے مثال معاہدے تک پہنچنے کا تاریخی موقع ہے جو باہمی خدشات کو دور اور مشترکہ مفادات کا تحفظ کرسکے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسے معاہدے کا حصول ممکن ہے ، لیکن صرف اس صورت میں جب سفارت کاری کو ترجیح دی جائے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور اس میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسی جرائت اور ہمت کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کرتے ہیں تاکہ اختلافات کو پرامن طریقہ سے حل کیا جاسکے۔