وزیراعظم نریندر مودی کا کنیست سے خطاب، کہا:’’میری پیدائش اسی دن ہوئی جب ہندوستان نے اسرائیل کو تسلیم کیا‘‘
30
M.U.H
26/02/2026
یروشلم: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اسرائیلی پارلیمنٹ کنیست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیدائش اسی دن ہوئی تھی جس دن ہندوستان نے باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کیا تھا، اور وہ اس سرزمین پر دوبارہ آ کر خوشی محسوس کر رہے ہیں جس سے وہ ہمیشہ خود کو وابستہ سمجھتے رہے ہیں۔ کنیست سے خطاب کے دوران انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کےحملے میں جان گنوانے والوں کے لیے اسرائیلی عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا: ’’میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں اس معزز ایوان کے سامنے کھڑا ہوں۔ میں یہاں ہندوستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے ہی نہیں بلکہ ایک قدیم تہذیب کے نمائندے کے طور پر دوسری قدیم تہذیب سے مخاطب ہوں۔ میں 1.4 ارب ہندوستانیوں کی جانب سے دوستی، احترام اور شراکت داری کا پیغام لایا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نو برس قبل انہیں اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم بننے کا موقع ملا تھا اور وہ دوبارہ یہاں آ کر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آخرکار میری پیدائش بھی 17 ستمبر 1950 کو ہوئی، اسی دن جب ہندوستان نے اسرائیل کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا۔‘‘
بنیامن نیتن یاہو کا خیرمقدم
اس سے قبل اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے کنیست میں خطاب سے پہلے وزیراعظم مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں اسرائیل کا عظیم دوست اور عالمی سطح کا قائد قرار دیا۔ بنیامن نیتن یاہو نے کہا: ’’نریندر، میرے عزیز دوست، آپ کا یہاں آنا میرے لیے باعث مسرت ہے۔ آپ اسرائیل کے عظیم دوست، ہند-اسرائیل اتحاد کے بڑے حامی اور عالمی اسٹیج کے ممتاز رہنما ہیں۔ یروشلم میں آپ کا خیرمقدم ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت دوگنی، تعاون تین گنا اور باہمی سمجھ بوجھ چار گنا ہو چکی ہے۔
کنیست اسپیکر کا اعزاز
کنیست کے اسپیکر امیراوحانا نے کہا کہ ان کے لیے یہ باعث اعزاز ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں، جو کنیست سے خطاب کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم بنے ہیں۔ پارلیمنٹ پہنچنے پر وزیراعظم نریندر مودی کا ’’مودی، مودی‘‘ کے نعروں اور کھڑے ہو کر استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں کنیست میں ان کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی۔