اندر ووٹوں کی گنتی باہر ہنگامہ آرائی، بنگال کے بانکورا، آسنسول علاقوں میں افراتفری اور پولیس کا لاٹھی چارج
18
M.U.H
04/05/2026
ملک کی 5 ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد پیر کے روز ایک ساتھ ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ اس دوران تقریباً تمام انتخابی ریاستوں میں کاؤنٹنگ سینٹروں پر سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان ووٹوں کی پرامن گنتی کا عمل جاری ہے وہیں مغربی بنگال کے مختلف علاقوں سے تشدد کی خبریں آرہی ہیں۔
پیر کے روز مغربی بنگال کے آسنسول میں گنتی مرکز کے باہر اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ووٹوں کی گنتی چل رہی تھی۔ رپورٹوں کے مطابق کاؤنٹنگ سینٹر سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ایک کیمپ آفس پر حملے اور توڑ پھوڑ کی واردات سامنے آئی ہے۔
ٹی ایم سی نے اس حملے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں اور حامیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اس واردات سے پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی ہے۔ خبروں کے مطابق جیسے ہی حالات بگڑنے لگے، پولیس اور مرکزی فورسیز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ہجوم کو منتشر کرنے اور حالات پر قابو پانے کے لیے سیکورٹی فورسیز کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
فی الحال صورتحال قابو میں بتائی جارہی ہے۔ وہیں اس واردات کے بعد مزید کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے گنتی مراکز اور اس کے آس پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ وہیں بانکورا یونیورسٹی میں ووٹوں کے گنتی مرکز کے باہر بھی افراتفری کی خبر سامنے آئی ہے۔ جہاں بی جے پی اور ٹی ایم سی حامیوں کے درمیان جھڑپ دیکھنے کو ملی۔ اس کے بعد حالات کو قابو میں کرنے کے لئے مرکزی فورسیز کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ مغربی سمیت آسام، تمل ناڈو، کیرالہ اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آج اعلان کئے جانے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی تقریباً اپنے آخری مراحل میں ہے اور اس درمیان کچھ علاقوں میں جھڑپوں کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ وہیں کئی ریاستوں میں جیت کے امکانات کی وجہ سے ریاستی پارٹیوں میں جشن کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔