گورو گگوئی اپنی سیٹ بھی نہیں بچا سکے، بی جے پی اتحاد نے اکثریت حاصل کی
20
M.U.H
04/05/2026
آسام میں بی جے پی اتحاد نے کانگریس اتحاد کو شکست فاش دے دی ہے۔ حالت ایسی ہے کہ گورو گگوئی سمیت کئی سرکردہ کانگریس لیڈران کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گورو گگوئی تو 20 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔ بی جے پی اتحاد نے بہ آسانی اکثریت حاصل کر لی ہے، اور اب ایک بار پھر ریاست میں ہیمنت بسوا سرما کی حکومت تشکیل پانے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک بی جے پی اتحاد کو 71 نشستوں پر جیت مل چکی ہے، جبکہ حکومت سازی کے لیے جادوئی نمبر 64 ہے۔ 29 سیٹوں پر بی جے پی اتحاد کے امیدوار آگے بھی چل رہے ہیں۔ بی جے پی تنہا 59 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے اور 23 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔ کانگریس اتحاد کی بات کریں، تو اسے 3 سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی ہے اور 19 پر سبقت حاصل ہے۔ بقیہ سیٹوں پر دیگر پارٹیوں کے امیدواروں نے برتری حاصل کی ہوئی ہے۔