ہم نے جنوبی شام میں مسلح افراد کو نشانہ بنایا ہے، قابض صیہونی فوج کا اعلان
4
M.U.H
28/06/2026
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز، 210ویں ڈویژن کی کمان میں عتصیونی - 6 (Etzioni-6) بریگیڈ کی فورسز نے جنوبی شام کے ایک محفوظ علاقے میں متعدد "مسلح تخریبکاروں" کا خاتمہ کیا ہے۔ اس بیان میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ (قابض) اسرائیلی فوج شام کے جنوبی علاقے میں واقع "سیف زونز" میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور اسرائیلی شہریوں اور فوجی دستوں کے خلاف کسی بھی خطرے کو تلاش کرتے ہوئے اس کا خاتمہ جاری رکھے گی۔
ادھر شامی اخبار الاخباریہ نے بھی اطلاع دی ہے کہ 6 گاڑیوں پر مشتمل قابض اسرائیلی فوجی کے دستے اتوار کی صبح وادی الرقاد کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے درعا کے مغربی مضافات میں واقع حوض الیرموک کے گاؤں جملہ میں بھی آ گھسے تھے۔ الاخبار نے بتایا کہ صیہونی فورسز نے تل ابو الغیثار کے بائی پاس سے حرکت کرتے ہوئے سریہ جملہ کہ جسے سریہ الوادی بھی کہا جاتا ہے، کے اندر گھس آنے کے بعد مورچے سنبھال لئے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دراندازی کی یہ کارروائی بیک وقت دوسرے صیہونی فوجی دستوں کی یورش کے ہمراہ انجام پائی کہ جو المغر نامی پہاڑی کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے اس پہاڑی کی چوٹی پر تعینات ہوئے جبکہ اس دوران ان کی جانب سے لیزر سرچ لائٹس کا استعمال کیا جاتا رہا نیز اس پورے علاقے میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے اسنائپر بھی تعینات کئے گئے۔