فرانس میں بدامنی، 1300 سے زائد افراد گرفتار، 53 پولیس اہلکار زخمی
9
M.U.H
25/10/2026
تہران : فرانس کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ روز مظاہروں اور بدامنی کے دوران 1314 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 53 اہلکار زخمی ہوئے۔
روزنامہ لو فیگارو کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فرانسیسی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ ہفتے کے روز ملک گیر مظاہروں کے دوران 1314 افراد کو گرفتار کیا گيا اور پولیس کے 53 اہلکار زخمی ہوئے۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں گرفتاریوں اور زخمیوں کی تعداد میں کمی ظاہر کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے سنیچر کے روز 2628 افراد گرفتار ہوئے تھے اور 1144 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
فرانس کی وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 75 کارروائیاں کی گئیں جبکہ گزشتہ ہفتے یہ تعداد 2025 تھی۔ فرانسیسی وزارت داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ کئی تجارتی مراکز کو نقصان پہنچایا گیا اور ان میں سے 24 کو لوٹ لیا گیا۔ اس کے برخلاف گزشتہ ہفتے سنیچر کے روز ہونے والی بدامنی میں، جسے 17 اکتوبر کے مظاہروں کا نام دیا گيا تھا، 1522 دکانیں اور تجارتی مراکز متاثر ہوئے تھے۔
وزارت داخلہ نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار عارضی ہیں اور آنے والے گھنٹوں میں ان کی حتمی تصدیق کرکے اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کئی مقدمات بھی دائر کیے گئے ہیں۔ فرانسیسی وزارت داخلہ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ خطرناک گروہ، بالخصوص وہ عناصر جنھیں "بائیں بازو کے انتہا پسند نیم فوجی گروہ" کہا جاتا ہے، ان مظاہروں میں شامل ہونے اور صف بندی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔