پنجاب: بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو توڑے جانے کے معاملے پر زبردست ہنگامہ، احتجاج میں لوگ سڑکوں پر اترے
32
M.U.H
27/01/2025
پنجاب کے امرتسر میں آئین ساز بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈ کے مجسمے کو ہتھوڑا مار کر نقصان پہنچانے کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ نے اب طول پکڑتے ہوئے سیاسی ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ امرتسر واقع سورن مندر کی طرف جانے والی ہیری ٹیج اسٹریٹ پر ٹاؤن ہال میں بی آر امبیڈکر کی مورتی کو توڑا گیا۔ اس سلسلے میں احتجاج کرتے ہوئے لوگ سڑکوں پر اتر چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کو لے کر ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آگے کی جانچ جاری ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے، اس میں ایک شخص لمبی اسٹیل کی سیڑھی کا استعمال کرکے ہتھوڑا لے کر مجسمہ پر چڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا "واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس واقعہ کے لیے جو بھی ذمہ دار ہوگا اسے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ کسی کو بھی پنجاب کے بھائی چارہ اور اتحاد کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی"۔
اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد اتوار رات کو ہی کانگریس رہنما پرتاپ سنگھ باجوا کے علاوہ وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال، ایم ایل اے ڈاکٹر اندر ویر سنگھ نجر اور ایم ایل اے جیون جوت کور موقع پر پہنچے۔ وہیں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے امرتسر میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کو نقصان پہنچائے جانے کو لے کر پنجاب کی عآپ حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی لاپروائی سے ایسا واقعہ سرزد ہوا ہے۔ اس میں غیر سماجی عناصر کے خلاف فوری سخت قانونی کارروائی ہو۔
ادھر اس واقعہ پر احتجاج درج کرتے ہوئے دھونا صاحب کے مہنت ملکیت ناتھ، مہنت گردھاری لال، سنت بابا بلونت ناتھ اور الگ الگ ایس سی سماج کی تنظیموں کے لوگ بھڈاری پل پر پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرائی جائے تاکہ سچ عوام کے سامنے آئے۔ اس دوران بھنڈاری پل پر کثیر تعداد میں پولیس دستہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔