وزیر اعظم مودی کا 30 مارچ کو آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کا دورہ
42
M.U.H
28/03/2025
ناگپور:وزیر اعظم نریندر مودی 30 مارچ کو ہندو کلینڈر کے پہلے دن ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ سنگھ کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت سے ملاقات کریں گے اور تنظیم کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باونکولے نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب کوئی موجودہ وزیر اعظم ناگپور کے ریشم باغ میں واقع آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر کا باضابطہ دورہ کرے گا۔ وزیر اعظم مودی اسپتال کی توسیعی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وزیر اعظم کا یہ دورہ آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں ہو رہا ہے، جو رواں سال اکتوبر میں وجے دشمی کے موقع پر شروع ہوں گی۔ اس کے علاوہ، مودی دیکشا بھومی بھی جائیں گے، جہاں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے 1956 میں ہزاروں پیروکاروں کے ساتھ بدھ مت اختیار کیا تھا۔
بی جے پی، جو نظریاتی طور پر آر ایس ایس کے اصولوں پر کام کرتی ہے، اس وقت تنظیمی انتخابات کے عمل سے گزر رہی ہے، جو ضلعی سطح سے لے کر قومی سطح تک جاری ہے۔ موجودہ بی جے پی صدر جے پی نڈا، جو جون 2024 میں مرکزی کابینہ میں شامل ہوئے تھے، اب تک توسیعی مدت میں دوہری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا یہ دورہ آر ایس ایس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے، اکھل بھارتیہ پرتیندھی سبھا کی حالیہ بنگلورو میٹنگ کے بعد ہو رہا ہے، جس میں "بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم" پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی۔