شہیدوں کی قربانی اس آزادی کی حفاظت کرتی ہے جسے آج کل ہم توجہ نہیں دیتے: پرینکا گاندھی
34
M.U.H
28/03/2025
کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی آج وائناڈ دورہ کے دوسرے دن کئی تقاریب میں شرکت کرتی نظر آئیں۔ اس دوران انھوں نے عوام سے خطاب بھی کیا اور وائناڈ کی ترقی سے متعلق کئی طرح عزائم ظاہر کیے۔ انھوں نے کشمیر میں انسداد دہشت گردی مہم کے دوران شہید ہوئے فوجی جوان تھلاچیرا جنیش کی یاد میں وائناڈ کے ایڈواکا پنچایت میں تیار ’اسمرتی منڈپم‘ کا افتتاح کیا اور کہا کہ ’’شہیدوں کی قربانی اس آزادی کی حفاظت کرتی ہے، جسے ہم آج کل توجہ نہیں دیتے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے ’اسمرتی منڈپم‘ کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کنبہ کا کوئی رکن شہید ہوتا ہے، تو اس کا غم زندگی بھر کنبہ کے دیگر اراکین کے ساتھ رہتا ہے۔ لیکن آپ کو سماج کی حمایت سے راحت ملتی ہے، آپ کو اپنے آس پاس کے لوگوں سے اور انھیں یاد رکھنے والوں سے پیار ملتا ہے۔ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر اپنے والد کی شہادت کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’22 سال بعد بھی ان کی ماں (سونیا گاندھی) کی آنکھوں میں آنسو ہیں، کیونکہ ہم کبھی بھی وہ نہیں لوٹا سکتے، جس سے وہ محروم ہو گئیں۔ ایک شہید کی بیٹی ہونے کے ناطے مین ان کے درد کی گہرائی کو پوری طرح سے سمجھتی ہوں۔‘‘
اس موقع پر ہندوستان کے پنچایتی نظام کی تعریف کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب مہاتما گاندھی آزادی کی بات کرتے تھے، تو وہ ہر ہندوستانی کی آزادی کی بات کرتے تھے۔ ایک مضبوط، ہمیشہ رہنے والی اور بااثر پنچایتی نظام ان کا خواب تھا۔ یہ ایک ایسا خواب تھا جسے میرے شہید والد راجیو گاندھی نے اپنی مدت کار کے دوران پنچایت راج ایکٹ پاس کر کے پورا کرنے کی کوشش کی تھی۔‘‘ وہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ’’یہاں کیرالہ میں ہماری پنچایتیں پورے ہندوستان کے لیے ایک مثال ہیں۔‘‘
آج دوپہر پرینکا گاندھی نے سلطان بتھیری میں منعقد ’ایسو سی ایشن آف ٹورزم ٹریڈ آرگنائزیشن انڈیا‘ (اے تی ٹی او آئی) کے سیاحتی سمیلن کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کیرالہ کے پہاری ضلع وائناڈ میں قدرتی خوبصورتی اور وسائل کے سبب سیاحت کے بے پناہ امکانات ہیں۔ انھوں نے یہاں سیاحت کا ایک مستقل ماڈل بنانے کے لیے طویل مدتی خاکہ تیار کرنے کی اپیل کی۔ وائناڈ کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے کی اپیل کرنے کے ساتھ ہی انھوں نے آگاہ کیا کہ اس عمل کے دوران بنیادی عناصر، قدرت اور ماحولیات کا دھیان رکھا جانا چاہیے۔