ایرانی اسپیکر پارلیمان: ایران پر حملہ ہوا تو پورا علاقہ دھماکے سے اڑجائے گا
45
M.U.H
30/03/2025
تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے عالمی یوم قدس کے خطاب میں خبردار کیا ہے کہ ایران پر امریکا کا حملہ بارود کے ڈھیر میں چنگاری ثابت ہوگا اور پورا علاقے دھماکے سے اڑجائے گا اور پھر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے فوجی اڈے بھی محفوظ نہیں رہیں گے
ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے تہران میں عالمی یوم قدس کی عظیم الشان ریلی سے جس میں لاکھوں روزے دار مسلمانوں نے شرکت کی، خطاب کے ایک حصے میں مغرب کے ساتھ ایران کے مذاکرات کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے با شرف عوام جانتے ہیں کہ دھمکی کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش ہم پر اپنے مطالبات مسلط کرنے اور اپنا حکم چلانے کے لئے ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی حکام نہ صرف یہ کہ ہمارے عوام کے اقتصادی مفادات کو نظر انداز کررہے ہیں بلکہ ہم سے ہماری دفاعی توانائی بھی چھین لینا چاہتے ہیں اور اسی مقصد سے مذاکرات کا دم بھر تے ہیں۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ مذاکرات کی تجویز سے ان کا مقصد ایران کو نہتا کرنے کے لئے اپنا حکم چلانا ہے، لیکن ایرانی عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ دشمن زبردستی جو مذاکرات چاہتا ہے وہ جنگ کی تمہید ہے اور کوئی بھی عقلمند، سیاسی بصیرت کا مالک اور شجاع انسان اور قوم ایسی کسی چیز کو قبول نہیں کرسکتی۔
انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کے بارے میں کہا کہ اس خط میں پابندیاں ختم کرنے کے لئے کوئی معقول بات نہیں کہی گئی ہے اور اس میں امریکا کا رویہ بدمعاشوں والا ہے۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ اپنے اتحادی اور تابع ملکوں کے ساتھ بھی امریکی صدر کا رویہ توہین آمیز ہے اور ہم نے دیکھا ہے کہ وہ ان سے اس طرح بات کرتے ہیں جیسے کوئی مالک اپنی رعیت سے بات کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو نہ دھوکہ دیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ان کے تعلق سے زور زبرستی سے کام لیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ ایران کو اپنی قیادت، عوام اور مسلح افواج پر بھروسہ ہے اور وہ کسی سے بھی نہیں ڈرتا۔
ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ ہم اپنے عوام، ان کے اتحاد اور ایمان نیز اپنے شجاع اور حکیم و دانا رہبر نیز اپنی مومن، انقلابی، مجاہد اور شہادت پسند مسلح افواج کے بھروسے میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکی خود جانتے ہیں کہ کتنے کمزور ہیں اور اگر انھوں نے ایرانی کی حدود پر جارحیت کی تو ان کا یہ اقدام بارود کے ڈھیر میں چنگاری کا کام کرے گا اور پورا علاقہ دھماکے سے اڑجائے گا اور پھر امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کے اڈے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اپنی اندرونی توانائی اور یک جہتیی سے عوام پر دباؤ کم اور معیشت بہتر کی جاسکتی ہے۔ اس صورت میں دشمن بھی حقیقت قبول کرنے پر مجبور ہوجائے گآ اور پھر معقول اور منصفانہ مذاکرات کا راستہ کھلے گا جس پر ہم ہمیشہ چلے ہیں اوراسی بنیاد پر جامع ایٹمی معاہدے کے دیگر فریقوں سے مذاکرات انجام دیئے ہیں۔