یوگی آدتیہ ناتھ-لینڈ مافیا کی طرح کام کرتا ہے وقف بورڈ، وقف بل لانے کے لیے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا ادا کیا شکریہ
30
M.U.H
03/04/2025
وقف ترمیمی بل کے جاری بحث کے دوران اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے وقف بورڈ پر ریاست بھر میں عوامی اور تاریخی زمینوں پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اتر پردیش کے پریاگ راج میں بھگوان رام اور راجا نشاد راج کے لیے وقف ایک نمائش کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وقف بورڈ کے عوامی املاک اور تاریخی مقامات پر ’’من مانے دعوے‘‘ کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
لینڈ مافیا کی طرح کام کرتا ہے وقف بورڈ: یوگی
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وقف بورڈ ’’لینڈ مافیا‘‘ کی طرح کام کرتا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ’’وقف بورڈ شہر بھر کی زمینوں پر بے بنیاد دعوے کرتا رہا ہے۔ کمبھ میلے کی تیاریوں کے دوران بھی انہوں نے اعلان کیا کہ تقریب کی زمین ان کی ہے۔ ہمیں پوچھنا پڑ رہا ہے کہ کیا وقف بورڈ لینڈ مافیا بن گیا ہے؟‘‘ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت میں اس طرح کی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے اور مافیا کو اتر پردیش سے باہر نکال دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’متعدد مقامات پر وقف کے نام پر تجاوزات کی گئیں، جن میں نشاد راج سے منسلک مقدس زمین بھی شامل ہے۔ لیکن یہ عمل جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔ ان کے اعتراضات کے باوجود ایک عظیم الشان اور دیوی کمبھ میلہ کا انعقاد کیا گیا۔‘‘
یوگی آدتیہ ناتھ نے وقف ترمیمی بل لانے کے لیے وزیر اعظم مودی اور امت شاہ کا شکریہ ادا کی
واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر یوگی کا یہ تبصرہ لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پاس ہونے کے چند گھنٹے بعد آیا ہے اور ابھی اس بل پر راجیہ سبھا میں بحث جاری ہے۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے وقف بورڈ کی مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف قانون سازی کی کارروائی کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا ’’ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ وقف بورڈ کے من مانی طریقوں پر روک لگائی جائے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک اہم قانون پہلے ہی لوک سبھا میں پاس ہو چکا ہے اور اب راجیہ سبھا میں اسے منظور کیا جائے گا۔‘‘