’’ہندوستانی کی جمہوریت کے لیے نہایت سیاہ دن‘‘، مہوا موئترا نے لوک سبھا میں وقف بل کی منظوری کو ’’غیر منصفانہ‘‘ قرار دیا
23
M.U.H
03/04/2025
لوک سبھا سے منظور شدہ وقف ترمیمی بل کو ’’غیر منصفانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا نے جمعرات کو کہا کہ یہ ہندوستان کی سیکولر جمہوریت میں ایک ’’سیاہ دن‘‘ ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹی ایم سی لیڈر نے کہا ’’یہاں صرف پچاس ووٹوں کا فرق ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ بل کتنا غیرمقبول اور عوام کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔ ۔۔یہ ہندوستان کی سیکولر جمہوریت کا ایک بہت ہی سیاہ دن ہے۔‘‘
اس دوران سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی نے کہا کہ وقف ترمیمی بل آئین کو نظر انداز کرتے ہوئے منظور کیا گیا ہے۔ ندوی نے کہا ’’اس سے بدتر قانون اس ملک میں مسلمانوں کے لیے کبھی نہیں بنایا گیا ہے۔ یہ بل آئین کو نظر انداز کر کے پاس کیا گیا ہے… اس بل کو لے کر ملک میں بہت سنگین سوالات اٹھائے جائیں گے۔‘‘
قبل ازیں لوک سبھا نے وقف ترمیمی بل گرما گرم بحث کے بعد منظور کیا جس کے دوران انڈیا اتحاد نے اس قانون سازی کی شدید مخالفت کی جب کہ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے اس کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شفافیت آئے گی اور وقف بورڈ کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ ایوان میں اس پر بحث آدھی رات کے بعد بھی جاری رہی۔