وقف ترمیمی بل :ایک بھی غیر مسلم آپ کے وقف میں نہیں آئے گا: امت شاہ
26
M.U.H
03/04/2025
نئی دہلی :مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھامیں کہا کہ وقف ایکٹ اور وقف بورڈ 1995 میں نافذ ہوا تھا، اور غیر مسلموں کی شرکت کے بارے میں جو بھی دعوے کیے جا رہے ہیں، وہ پوری طرح سے جھوٹے ہیں۔ اپوزیشن اس ملک کو توڑنا چاہتی ہے۔میں ملک کے مسلمانوں سےکہناچاہتا ہوں کہ ایک بھی غیرمسلم آپ کے وقف میں نہیں آئے گا۔اس ایکٹ میں ایسی کوئی گنجائش نہیں ہے، لیکن وقف بورڈ اور وقف کونسل اب وقف جائیداد بیچنے والوں کو پکڑ کر باہر نکال دیں گے، اور وقف کے نام پر 100 سال کے لیے اپنی جائیداد لیز پر دینے والوں کو پکڑیں گے۔ وقف کی آمدنی کم ہو رہی ہے، جس آمدنی سے ہم نے اقلیتوں کی ترقی کرنی ہے اور انہیں آگے لے جانا ہے، وہ رقم چوری ہو رہی ہے۔ وقف بورڈ اور کونسل اسے پکڑے گی
امیت شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ یہ ایکٹ مسلم کمیونٹی کے مذہبی حقوق اور جائیدادوں میں مداخلت کرے گا۔ یہ سراسر غلط ہے اور یہ محض اقلیتوں کو خوفزدہ کرنے کی سازش ہے تاکہ انہیں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ وقف املاک کے بارے میں امیت شاہ نے کہا کہ پہلے وقف سے متعلق اداروں میں کسی غیر مسلم شخص کو شامل کرنے کا کوئی انتظام نہیں تھا اور این ڈی اے حکومت بھی اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کرنے والی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقف بورڈ اور وقف کونسل کا کام غیر قانونی طور پر وقف املاک کو فروخت کرنے والوں کےخلاف کارروائی کرنا ہے۔ ہم نے وقف کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی۔ وقف بورڈ اور وقف کونسل میں ترامیم کی گئیں۔ اس کا کام انتظامی ہے۔ وقف بورڈ کو مذہبی سرگرمیاں انجام دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم متولی کو ہاتھ نہیں لگا رہے۔
صرف مسلمانوں کو مذہبی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی
'امیت شاہ نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران جب 2013 میں وقف بل میں تبدیلی کی گئی تھی تو اس غلطی کو دور کرنے کے لیے وقف ترمیمی بل 2024 لایا گیا تھا۔ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے 2013 میں وقف بل میں ترمیم کرتے ہوئے ایک قانون پاس کرنے کے بعد، اضافی 21 لاکھ ہیکٹر اراضی پر دعوے کیے گئے تھے۔ تاہم کل زمین جس پر دعویٰ کیا گیا ہے وہ 30 لاکھ ہیکٹر سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کسی ایک مسلمان کا بھی حق نہیں چھینا جائے گا۔ بل کی منظوری کے بعد وقف کے انتظامی کاموں میں کوئی بھی شامل ہو سکتا ہے لیکن صرف مسلمانوں کو مذہبی کام کرنے کی اجازت ہوگی
وزیر داخلہ نے کہا کہ حال ہی میں وقف بورڈ نے ناردرن ریلوے کی اراضی کو وقف بورڈ کے نام قرار دیا ہے۔ ہماچل پردیش میں اس جائیداد کو وقف بورڈ کی ملکیت قرار دے کر اس پر مسجد تعمیر کی گئی۔ تمل ناڈو میں 250 ہیکٹر کے رقبے پر محیط 212 گاؤں وقف کی ملکیت میں آئے۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو میں ایک صدیوں پرانے مندر کی چار سو ایکڑ اراضی کو وقف جائیداد قرار دیا گیا تھا۔ کرناٹک میں ایک کمیٹی کی رپورٹ میں پتہ چلا ہے کہ وقف کے کاروبار کے لیے 29 ہزار ایکڑ زمین کرائے پر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 2001 سے 2012 کے درمیان 2 لاکھ کروڑ روپے کی جائیداد نجی اداروں کو 100 سال کے لیز پر دی گئی۔ بنگلورو میں ہائی کورٹ کو مداخلت کرنا پڑی اور 602 ایکڑ اراضی پر قبضہ روکنا پڑا۔امت شاہ نے کہا کہ وقف بورڈ نے کرناٹک میں وجئے پور کے ہونواڈ گاؤں میں 1500 ایکڑ زمین کا دعویٰ کیا اور اس پر قبضہ کیا اور 500 کروڑ روپے کی زمین ایک فائیو اسٹار ہوٹل کو 12،000 روپے ماہانہ کرایہ پر دے دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس کے کھاتوں کو برقرار نہیں رکھنا چاہئے اور اس کی نگرانی نہیں کرنی چاہئے، یہ پیسہ ملک کے غریب مسلمانوں کا ہے، یہ پیسہ چوری کرنے کے لئے نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس صورتحال کو روکنے کے لیے حکومت نے وقف بورڈ کے لیے ایک قانون لایا ہے، اور ہم اس کے ٹھیکیدار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہم یہاں پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں اور اس قانون کو لانے کا مقصد ملک کے غریب مسلمانوں کے پیسے کی حفاظت کرنا ہے۔
امیت شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ پارلیمنٹ میں ایسی باتوں کے لیے اونچی آواز میں بولتے ہیں، کچھ بغیر سمجھے بولتے ہیں اور کچھ جان بوجھ کر بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ایسا کرکے وہ الیکشن جیت جائیں گے۔ ایک اور مندر میں وقف بورڈ نے برسوں پرانے دعووں کی بنیاد پر 600 کروڑ روپے کی جائیداد کا دعویٰ کیا۔ اس کے ساتھ ہی وقف بورڈ نے عیسائی برادری کی بہت سی اراضی پر بھی دعویٰ کیا ہے۔ کئی ممتاز عیسائی چرچ وقف بل کی حمایت کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اس بل کی حمایت کرکے وہ مسلم بھائیوں اور بہنوں کی ہمدردی حاصل کرکے اپنا ووٹ بینک محفوظ کرلیں گے۔ وزیر داخلہ نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے کہا کہ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آنے والے چند دنوں میں مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ قانون ان کے فائدے کے لیے لایا گیا ہے۔ جنوبی ریاستوں کے قانون سازوں کو معلوم نہیں تھا کہ وہ اپنے حلقوں میں 'گرجا گھروں' کو ناراض کر رہے ہیں۔ تمام چرچ اس کو لے کر ناراض ہیں اور تمام چرچ اس بل کی مخالفت کے لیے اکٹھے ہو گئے ہیں۔ تلنگانہ میں 66 ہزار کروڑ روپے کی 1700 ایکڑ اراضی پر وقف کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ گرودوارہ سے متعلق ہریانہ میں 14 زمینیں وقف کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ پریاگ راج کے چندر شیکھر آزاد پارک کو بھی وقف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔امت شاہ نے کہا کہ وقف بورڈ نے مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں مہادیو کے مندروں پر اپنا حق جتایا ہے۔ اس کے علاوہ وقف بورڈ نے بیڈ میں کنکیشور مندر کی 12 ایکڑ اراضی پر زبردستی قبضہ کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ان تمام واقعات کی گنتی کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ملک میں افراتفری اور کرپشن کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے آخر میں واضح کیا کہ وقف ایک ٹرسٹ ہے جسے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے عطیات سے بنایا گیا ہے اور حکومت اس میں کسی بھی طرح سے مداخلت نہیں کرنا چاہتی۔ اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ وقف سے متعلق تمام جائیدادوں کا صحیح انتظام ہو اور ملک کے غریب مسلمانوں کا پیسہ محفوظ رہے۔