بی جے پی اگلے 30 سال تک اقتدار میں رہے گی: امت شاہ
40
M.U.H
29/03/2025
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اگلے کم از کم 30 سال تک مرکزی حکومت میں برقرار رہے گی۔ ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا، جب میں بی جے پی کا قومی صدر تھا، تو میں نے کہا تھا کہ پارٹی اگلے 30 سال تک اقتدار میں رہے گی۔
ابھی تو صرف 10 سال ہی گزرے ہیں۔ امت شاہ نے جمہوریت میں کسی بھی پارٹی کی کامیابی کو اس کی محنت سے جوڑا اور کہا کہ اگر پارٹی دن رات محنت کرتی ہے اور ملک کے لیے کام کرتی ہے تو کامیابی یقینی ہے۔ یکساں شہری ضابطہ (یوسی سی) کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ بی جے پی حکومتی ریاستوں میں اسے مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا، کیونکہ یہ پارٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
انہوں نے مثال کے طور پر اتراکھنڈ کا ذکر کیا، جہاں اس کے لیے قانون پہلے ہی بنایا جا چکا ہے، اور گجرات میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے کام میں مداخلت کے بارے میں امت شاہ نے کہا کہ آر ایس ایس ایک نظریاتی ماخذ ہے جو حب الوطنی کو فروغ دیتا ہے، لیکن حکومت کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرتا۔