“دین اور ہم” کلاسز کے شرکاء کو انعامات تقسیم کئے گئے
83
M.U.H
05/04/2025
لکھنؤ: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں منعقد ہونے والی تربیتی کلاسز “دین اور ہم” کے شرکاء کے لئے تقسیم انعامات کا پروگرام گولڈن پیلس، وکٹوریہ سٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ انعامات کی تقریب میں مختلف علماء کے ساتھ "دین اور ہم" کلاسز کے الگ الگ مراکز پر تدریس کرنے والے اساتذہ بھی موجود رہے جن میں مولانا حسنین باقری، مولانا موسیٰ رضا یوسفی، مولانا محمد یاسر،مولانا علی عباس خان شامل ہیں۔البتہ مولانا مشاہد عالم رضوی اور مولانا عقیل عباس معروفی بوجوہ حاضر نہیں ہو سکے ۔ان کے علاوہ مولانا نظر عباس، مولانا ارشد حسین موسوی اور دیگر حضرات بھی موجود رہے۔
پروگرام کا آغاز قاری محمد عباس صاحب کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ اس کے بعد کلاسز کے طلبا و طالبات نے اپنے تجربات بیان کئے ۔اسی دوران کلاسز میں تلاوتِ قرآن کرنے والے قاریوں، فارم سینٹر، اور کلاسز کے لیے جگہ فراہم کرنے والوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ خاص طور پر کلاسز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہره کرنے اور الگ الگ عنوان سے انعامات تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کے دوران انتظامی کمیٹی کے رکن جناب طہ حسین نے “دین اور ہم” کی رپورٹ پیش کی۔ پروگرام میں خاص طور پر تعلیمی تحریک کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے والے معروف عالم مولانا ڈاکٹر کلب صادق طاب ثراہ کو یاد کرتے ہوئے "ڈاکٹر کلب صادق ایوارڈ" طہ فاؤنڈیشن کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس موقع پر مولانا مرحوم کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔پروگرام کے اختتام پر مولانا علی عباس خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ملک میں امن و سکون کے لئے دعا کی۔
معلوم رہے کہ یہ پروگرام عین الحیات ٹرسٹ ، حیدری ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، تنزیل اکیڈمی، طہٰ فاؤنڈیشن، اور جا معتہ الزہرا کے تعاون سے منعقد ہوا۔