’ریاستوں میں موجود پاکستانی شہریوں کی شناخت کریں اور واپس بھیجیں‘، امت شاہ نے وزرائے اعلیٰ سے کی بات
28
M.U.H
25/04/2025
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے۔ انھوں نے سبھی سے اپنی اپنی ریاستوں میں موجود سبھی پاکستانی شہریوں کی شناخت کرنے اور ان کی جلد پاکستان واپسی یقینی بنانے کے لیے قدم اٹھانے کو کہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امت شاہ نے بیشتر وزرائے اعلیٰ سے بات کر لی ہے اور کچھ سے بات کرنا فی الحال باقی ہے۔
ذرائع کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امت شاہ نے جمعہ کے روز سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو فون کیا اور ان سے یہ یقینی بنانے کو کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی شہری ملک چھوڑنے کے لیے طے مدت کار سے آگے ہندوستان میں نہ رہے۔ ہندوستان نے جمعرات کو 27 اپریل سے پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے سبھی ویزا رَد کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستان میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کو جلد از جلد گھر لوٹنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ وزرائے اعلیٰ کے سامنے یہ بات رکھتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شناخت کریں اور ان کو وطن واپس بھیجنا یقینی بنائیں۔
دراصل جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے خوفناک دہشت گردانہ حملے میں 26 سیاحوں کی موت کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ حملہ منگل کے روز دوپہر تقریباً 3 بجے ہوا تھا۔ دہشت گرد بیسرن وادی میں پہاڑ سے نیچے اترے تھے اور وہاں سیاحوں پر گولی باری شروع کر دی تھی۔ اس جگہ کو لمبے ہرے بھرے گھاس کے میدانوں کی وجہ سے ’منی سوئٹرزلینڈ‘ کہا جاتا ہے، لیکن اب لوگ وہاں جانے سے خوف کھا رہے ہیں۔
اس حملے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر بات چیت کی تھی اور ان سے سبھی ضروری قدم اٹھانے کو کہا تھا۔ اسی دن امت شاہ نے ایمرجنسی میٹنگ طلب کی تھی اور میٹنگ میں موجود کئی اعلیٰ افسران کو اہم ہدایات دی گئی تھیں۔