پہلگام حملہ: دہشت گردوں کو تصور سے بھی بڑی سزا دی جائے گی، وزیر اعظم مودی کا اعلان
23
M.U.H
25/04/2025
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 24 اپریل کو بہار کے مدھوبنی میں منعقدہ قومی پنچایتی راج دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام دہشت گرد حملے پر سخت ترین الفاظ میں ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کو ان کی سوچ سے بھی بڑی سزا دی جائے گی اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی باقی زمین بھی مٹی میں ملا دی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’22 اپریل کو پہلگام کی وادی بیسرن میں ہوئے اس حملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہم نے اپنے بیٹے، بھائی اور شریکِ حیات کھو دیے ہیں، کوئی بنگالی تھا، کوئی کنڑ بولتا تھا، کوئی مہاراشٹر کا تھا، کوئی اوڑیہ، کوئی گجراتی اور کوئی بہار کا سپوت تھا۔ آج کرگل سے کنیا کماری تک ہمارا غم اور غصہ ایک جیسا ہے۔‘‘
مودی نے کہا کہ یہ حملہ نہتے اور بے گناہ سیاحوں پر نہیں، بلکہ ہندوستان کی روح پر حملہ تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا، ’’میں بہت صاف الفاظ میں کہتا ہوں، جنہوں نے یہ حملہ کیا ہے، انہیں اور ان کے سرپرستوں کو ایسی سزا دی جائے گی جو انہوں نے سوچا بھی نہ ہوگا۔‘‘
وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں انگریزی میں بھی دنیا کو پیغام دیا، ’’آئی سے فرام دی سوئل آف بہار – وی وِل آئیڈینٹی فائی ایوری ٹیررسٹ اینڈ دیر سپورٹر، اینڈ دے وِل بی پنِشد۔ انڈیاز اسپرٹ کین ناٹ بی بروکن بائی ٹیررِزم۔ وی وِل ناٹ فارگیو دیم۔‘‘ یعنی، میں بہار کی سرزمین سے دنیا کو بتا رہا ہوں – ہم ہر دہشت گرد اور ان کے مددگار کی شناخت کریں گے اور انہیں سزا دیں گے۔ دہشت گردی ہندوستان کے حوصلے کو توڑ نہیں سکتی۔ ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت اب دہشت گردی کے سرپرستوں کی کمر توڑ دے گی۔ انہوں نے کہا، "اب وہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے بچے کھچے اڈے بھی صفحۂ ہستی سے مٹا دیے جائیں۔ ہم زمین کے آخری سرے تک ان کا پیچھا کریں گے اور انہیں انصاف کے کٹہرے تک لے کر آئیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا، ’’پوری قوم اس مشن میں متحد ہے اور ہر وہ انسان جو انسانیت پر یقین رکھتا ہے، ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں اُن تمام ممالک اور عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن اور سلامتی ہی ترقی کی بنیاد ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پہلگام حملے میں اب تک 26 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو چکے ہیں۔ حملہ آوروں نے وادی بیسرن میں سیاحوں کو نشانہ بنایا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترین علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔