بین الاقوامی عدالت نے نتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اسرائیلی اپیل مسترد کردی
8
M.U.H
26/04/2025
بین الاقوامی فوجداری عدالت نے صہیونی وزیراعظم نتن یاہو اور سابق وزیر جنگ یوآو گیلانٹ کے خلاف جاری گرفتاری کے وارنٹس منسوخ یا معطل کرنے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی ہے۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خصوصی بینچ نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو اور سابق وزیر جنگ یوآو گیلانٹ کے خلاف جاری گرفتاری کے وارنٹس کو منسوخ یا معطل کرنے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی ہے۔
عدالت کی طرف سے جاری ایک اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ اس نے فلسطینی علاقوں میں مبینہ جرائم پر اپنی دائرہ کار کے تعین کے حوالے سے اسرائیلی اپیل کو سننے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اس کا کوئی تعلق پہلے سے جاری وارنٹس سے نہیں ہے۔
عدالت نے کہا کہ دائرہ کار کا معاملہ صرف اس امر سے متعلق ہے کہ آیا عدالت غزہ اور مغربی کنارے میں ہونے والے مبینہ جرائم پر کارروائی کرسکتی ہے یا نہیں البتہ تحقیقات جاری رکھنے کے لیے اسرائیل کی منظوری ضروری نہیں۔
عدالتی بیان میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو اور گیلانٹ نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے حملوں کی نگرانی کی اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔
یاد رہے کہ نومبر 2024 میں آئی سی سی نے غزہ میں جاری فلسطینی نسل کشی کے تناظر میں نیتن یاہو اور سابق وزیر جنگ یوآو گیلانٹ کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے الزامات میں وارنٹ جاری کیے تھے۔