امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف جہاد جاری رہے گا، یمنی عوام کا اعلان
9
M.U.H
25/04/2025
دارالحکومت صنعاء سمیت یمن کے مختلف صوبوں میں امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف بڑا عوامی احتجاج مارچ ہوا جس میں فلسطین اور غزہ کی مسلسل حمایت پر زور دیا گیا۔
احتجاجی ریلی کے اختتامی بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے ایمانی مؤقف پر قائم ہیں اور غزہ کے مظلوم بھائیوں کی حمایت کو مقدس جہاد سمجھتے ہیں۔ ہم امریکہ اور اسرائیل جیسے کفر کے پیشواؤں کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے اور انہیں اپنے بھائیوں کو مزید نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
شرکاء نے دشمنان اسلام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ایمان سے منحرف کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ تمہارا مقصد صرف قتل و غارت، شہریوں کو نشانہ بنانا اور معیشت کو تباہ کرنا ہے۔ تم عسکری لحاظ سے ہمیں شکست نہ دے سکے، اس لیے اب سازشوں پر اتر آئے ہو۔ ہم نہ صرف تم سے بلکہ تمہارے حامی منافقین سے بھی مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے غزہ کے عوام کی استقامت کو سلام اور فلسطینی مزاحمتی مجاہدین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے انتہائی محدود وسائل کے باوجود دشمن سے لڑائی جاری رکھی ہوئی ہے۔
اعلامیے کے آخر میں امریکی و صہیونی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی کہ جو تاجر ان مصنوعات کا بائیکاٹ نہیں کرتا، اس کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔